الیکشن کمیشن کا الزامات لگانے پر فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس،جواب طلب
اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اجلاس میں پیمرا کے بھجوائے گئے الزامات والے کلپس کا جائزہ لیا گیا،ثبوت مانگ لئے

اسلام آباد(ویب  نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ادارے پر لگائے گئے الزامات پر وفاقی وزرا ء فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کر کے ثبوت مانگے ہیں۔وفاقی وزرا ء فواد چوہدری اور اعظم سواتی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفراقبال ملک نے کی۔ذرائع کے مطابق پیمرا نے الیکشن کمیشن کو وفاقی وزراء کے الزامات والے کلپس بھجوائے جن کا اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کا کہناہے کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کردیے جس میں ان سے ادارے پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت مانگے ہیں اور جواب طلب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی تھی اور الزام عائد کیا کہ تھا الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔بعد ازاں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹر بن گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو سیاست کرنی ہے تو استعفی دے کر عہدہ چھوڑیں اور الیکشن لڑیں، چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ماوتھ پیس بن گئے ہیں ، وہ نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام نے وفاقی وزرا کے الزامات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اس پر الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں۔