فیصل آباد (ویب ڈیسک)
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے الیکشن کمیشن نے صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے باالترتیب عاطف منیر ، عمران محمود اور رانا فیاض احمد کو غیر حتمی اور غیر سرکاری طور پر بلامقابلہ منتخب قرار دے دیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ممبر انجینئر رضوان اشرف نے بتایا کہ 14جولائی کو الیکشن شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی اُن پر انتخابات کرانے کی بھاری ذمہ داری عائد کی گئی تھی۔ 18ستمبر کو صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے تھے چونکہ ہر عہدہ کیلئے ایک ایک ہی امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے تھے اس لئے اُن کی جانچ پڑتال کے بعد اِن کو غیر حتمی اور غیر سرکاری طور پر کامیاب قرار دے دیا گیا ہے جبکہ اَب اس سلسلہ میں شیڈول کے مطابق 22ستمبر کوپولنگ نہیں ہو گی۔ نتائج کا باضابطہ سرکاری اعلان 30ستمبر کو سالانہ اجلاس عام کے موقع پر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریٹ کلاس کے انتخابات میں ووٹنگ کا تناسب 50جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس کیلئے 40فیصد رہا جو تسلی بخش ہے۔ نو منتخب صدر پورے چیمبر کے صدر ہیں اور اَب گروپنگ کا تاثر ختم ہوجانا چاہیے۔ اس موقع پر نومنتخب صدر عاطف منیر، سینئر نائب صدر عمران محمود اور نائب صدر رانا فیاض احمد کے علاوہ نئے اور پرانے ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے۔