یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیاء مہنگی ،نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(ویب  نیوز) یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بار پھر مختلف برانڈز کی اشیا مہنگی کر دی گئیں، نئی قیمتوں کا اطلاق بھی ہو گیا۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی طرف سے مختلف برانڈز کی مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کپڑے دھونے والے صابن کی سوئیوں کی فی کلو قیمت میں 22روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ نہانے والے صابن کی قیمت 10 روپے تک بڑھا دی گئی ہے، ٹشو ٹائلٹ رول کی قیمت میں 3 روپے، کچن ٹشو رول کی قیمت میں 4 روپے، ٹشو پیپر کے ڈبے کی قیمت میں 13 روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیش کے مطابق 550 ملی لیٹر ٹائلٹ کلینر کی قیمت میں 7 روپے تک، 500 ملی لیٹر گلاس کلینر کی قیمت میں 12 روپے، 1 لیٹر فنائل کی بوتل میں 6 روپے، 200 گرام کھانے کی کریم کی قیمت میں 10 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کے مطابق مختلف برانڈز نے قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اور جس نرخ پر خریداری کی جاتی ہے اسی حساب سے ان کی قیمت مقرر کی جاتی ہے۔حکام کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز نے اپنے کسی برانڈ کی قیمت نہیں بڑھائی ہے۔