العزیزیہ ریفرنس : نواز شریف کی سزا بڑھانے سے متعلق نیب کی اپیل پر سماعت 3نومبر تک ملتوی
اسلام آباد (ویب نیوز)اسلام آباد ہائی کور ٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیرا عظم میاں محمد نواز شریف کی سزا بڑھانے سے متعلق قومی احتساب بیورو(نیب )کی اپیل پر سماعت 3نومبر تک ملتو ی کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے نواز شریف کی سزا بڑھانے کی نیب کی اپیل پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیا ر کیا کہ عدالت نے نواز شریف کو قصوروار پایا لیکن زیادہ سے زیادہ سزانہیں دی، ہماری استدعا یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ سزا دی جائے۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف نے سزا کے خلاف جو اپیل کی تھی وہ خارج ہو چکی ہے۔نواز شریف خو د بھی اب موجود نہیں تو آپ کی اپیل آگے کیسے چلے گی؟،فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا ہم میر ٹ پر جاکر پورا کیس دیکھیں گے؟، کیا احتساب عدالت نے شواہد سے مطمئن ہو کر سزادی؟، کیا احتساب عدالت نے کچھ لکھانہیں کہ زیاد ہ سے زیادہ سزا کیوں نہیں دے رہے؟،جس پر نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ زیادہ سزا نہ دینا وہاں ہوتا ہے جہاں کوئی آلہ قتل یا کوئی چیز نہ ملی ہو،یہا ں مختلف معاہدے شواہد کی صورت میں موجود تھے۔عدالت نے استفسار کیا کہ اگر نواز شریف موجود ہی نہیں تو کیا ہم ان کی عدم موجودگی میں آپ کی اپیل سنیں؟، جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ جی ہاں، اگر وہ موجود نہیں تو ان کی عدم موجودگی میں اپیل سنی جائے،ہم آپ کے سامنے عدالتی فیصلے بھی رکھیں گے،کیس کس طرح آگے بڑھنا ہے اس پر معاونت کے لئے وقت چاہئے کیوں کہ اس کیس کی ایون فیلڈ سے کافی مماثلت ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ اس کیس میں شواہد تو نہیں پڑھیں گے نا؟جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ بیک گراونڈ بتانے کے لئے کچھ حقائق سامنے رکھنا ہوں گے۔عدالت نے ہدایت کی کہ ایک خلاصہ بنا کر آئندہ سماعت پر پیش کریں کہ آپ کیسے کیس چلانا چاہتے ہیں۔عدالت نے بعدازاں العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل پر سماعت3نومبر تک ملتو ی کردی۔