آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈز مہیا کیے جائیں گے،وزیر اعظم پاکستان کی صدر آزاد کشمیر سے گفتگو
عمران خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے درمیان نیویارک میں ہونے وا لے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس پر بھی بات چیت
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ہر حال میں کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے اب جبکہ بھارت دنیا میں بدنام ہو رہا ہے اور اب دنیا کو کشمیری عوام کا حق تسلیم کرنا پڑے گا اور انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیا جائے گا۔ آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔ آزادکشمیر میں ہم بہتری کی توقع رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کویہاں وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے درمیان نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کوہدایت کی کہ وہ خود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے میں دلچسپی لیں۔ اس موقع پر ملاقات میں آزادکشمیر میں عدلیہ کے بحران کو حل کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔