پشاور (ویب ڈیسک)
خیبر پختونخوا کی تاجر برادری نے ٹیکس قوانین (تیسری ترمیم) آرڈیننس 2021 کو مسترد کر دیا ، آل پاکستان انجمن تاجران کے اسلام آباد میں 29 ستمبر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے دفاتر کے باہر احتجاجی ریلی نکالنے کے فیصلے کی تائید کی ہے۔ یہ فیصلہ پشاور میں ٹریڈرز الائنس فیڈریشن کے پی کے کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کا اہتمام صدر ٹردرز الائنس غلام بلال جاوید اور چیئرمین میجر ارشد محمود نے کیا جس میں تاجروں کی مختلف یونینوں کے نمائندوں اور ضلعی سطح کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کے کنوینر میجر ارشد اور غلام بلال نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ٹیکس کے نئے قانون کے تحت ٹیکس وصول کرنے والے اداروں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ موبائل فون/سمز ، بجلی اور گیس کنکشن منقطع کردیں جنہیں ٹیکس جمع کرانے کی ضرورت ہے لیکن وہ فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست پر ظاہر ہونے میں ناکام رہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس کا تناسب بھی بڑھا دیا اور اگر کوئی آخری تاریخ تک ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرائے تو ایک ہزار روپے روزانہ جرمانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا نظام پیچیدہ تھا اور ایف بی آر کے متعلقہ عہدیدار کم از کم لوگوں کو تعاون بڑھانے کے لیے ناکام رہے انہوں نے ٹیکس کے نظام کو آسان بنانے کا کہا اور خریداروں کے لیے CNIC کی شرط ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ غلام بلال نے مشورہ دیا کہ وفاقی حکومت علاقائی بنیادوں پر تاجروں کی تنظیموں کو دوبارہ فعال کرے تاکہ ٹیکس وصولی کرنے والی تنظیموں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رہے۔ مقررین نے بجلی کے بل یا دکانوں کے سائز کی بنیاد پر ٹیکس کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ یہ ٹیکس تاجر کی آمدنی پر مبنی ہونا چاہئے۔آخر میں بابائے تاجران امین حسین بابر نے کہا کہ ہم انشاللہ 29 تاریخ کو نکلیں گے اور اسلام آباد جائیں گے میری تاجر برادری سے درخواست ہے کہ جوق در جوق اس میں شامل ہوں تاکہ تاجر برادری کو ان مسائل سے چھٹکارا ملے۔ اجلاس میں سابق ایم پی اے عارف یوسف ، سابق ممبر کنٹونمنٹ بورڈ غلام حسین چاند ، چیف ایکزیکیٹو چوہدری شاہد غفور ، جی ایس ٹریڈرز الائنس حسنین شیراز ، ایس وی پی منور خورشید ، ایس وی پی شیر یار خان صراف ، ایکزیکٹیو ممبر عبدالحسیب چغتائی نے شرکت کی۔