گومل یونیورسٹی سٹی کیمپس کی دیوار تنازعے کے حوالے سے مقررہ رقم ادا ئیگی کے بعد تمام تردستاویزات کو مکمل کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے جو جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائیگا‘ چیئرمین ایواکیوٹرسٹ پراپرٹی بورڈ کا وائس چانسلر گومل یونیورسٹی سے ملاقات میں گفتگو
ڈیرہ اسماعیل خان(ویب نیوز )
گومل یونیورسٹی سٹی کیمپس کی دیوار کے تنازع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر(تمغہ امتیاز) کی چیئر مین ایواکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ،حکومت پاکستان ڈاکٹر عامر احمدسے لاہور میں دوبارہ ملاقات۔ ملاقات میں چیئر مین ایواکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ نے کہا کہ گومل یونیورسٹی سٹی کیمپس کی دیوار تنازعے کے حوالے سے مقررہ رقم ادا ئیگی کے بعد تمام تردستاویزات کو مکمل کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے جو جلد ہی پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا اور تقریبا 3کنا ل کے قریب زمین جس کا مسئلہ چل رہا ہے وہ بھی انشاء اللہ جلد حل کر لیا جائے گا۔تاکہ اس قدیم مادر علمی کاتقدس قائم رہے کیونکہ تعلیمی ادارے قوم کے معماروں کو نکھارتے ہیں جو آگے جاکر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر نے چیئر مین ایواکیوٹرسٹ پراپرٹی بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گومل یونیورسٹی سٹی کیمپس کی زمین کا مسئلہ جو آج آپ نے اپنی ذاتی دلچسپی سے حل کیا آپ کی علم دوستی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت جس کا ویژن ہے کہ پاکستان کے کونے کونے تک ہر بچے کو تعلیم کی رسائی میسر ہو۔ اسی حوالے سے گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی اپنے دورہ گومل یونیورسٹی کے موقع پر یونیورسٹی کے معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ جس پر میں ان کا بھی مشکور ہوں۔