ایم ڈی کیٹ کے امتحانات سمیت تمام معاملات کا چیف جسٹس آف پاکستان ازخود نوٹس لیں  پی ایم اے

ایف آئی اے اور نیب اس سارے معاملے کی انکوائری کریں ، ایم ڈی کیٹ کا موجودہ امتحان فی الفور منسوخ کیا جائےـپریس کانفرنس

بھارت میں ایسے ماحول کا شکار طلبہ خود کشیاں کر چکے ہیں حکومت یہاں کسی سانحہ کے رونما ہونے کا انتظار نہ کرےـپروفیسر اشرف نظامی

لاہور (ویب  نیوز)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر اور سپریم کورٹ میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے خلاف پٹیشنرپروفیسر اشرف نظامی نے مطالبہ کیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے امتحانات سمیت تمام معاملات کا چیف جسٹس آف پاکستان ازخود نوٹس لیں تا کہ میڈیکل شعبہ میں حکومتی ہٹ دھرمی اور نقصانات کا ازالہ ہو سکے ـایف آئی اے اور نیب اس سارے معاملے کی انکوائری کریں ـ ایم ڈی کیٹ کا موجودہ امتحان فی الفور منسوخ کیا جائے ـ پی ایم سی پر قابض ٹولہ فوری استعفے دے اور ایم ڈی کیٹ کے امتحان پہلے کیطرح یونیورسٹیاں لیں ـ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایم اے ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیاـ اس موقع پر پی ایم اے لاہور کے سیکرٹری جنرل پروفیسر شاہد ملک ، نائب صدر ڈاکٹر ارم شہزادی ، جائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر بشری حق اور دیگر عہدیداران کے علاوہ متاثرہ طلبہ بھی موجود تھےـ پریس کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ پی ایم سی کے اپنے قانون کے تحت ایم ڈی کیٹ کے امتحان کا ایک ہی روز منعقد ہونا ضروری ہے تا کہ تمام امیدواروں کو ایک جیسا پیپر اور یکساں ماحول ملے لیکن جب مختلف اوقات میں 62 امتحانات لئے جائیں گے تو یکساں میرٹ کیسے قائم ہو سکتا ہے ـ انہوںنے کہا کہ کسی امیدوار کو مشکل اور کسی کو آسان سوال ملیں گے جو طلبہ کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے ـ انہوںنے کہا کہ قانونی جنگ لڑنے کے ساتھ ساتھ طلبہ سڑکوں پر ہیں لیکن بے حس حکومت کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی ـ انہوںنے کہا کہ بھارت میں ایسے ماحول کا شکار طلبہ خود کشیاں کر چکے ہیں حکومت یہاں کسی سانحہ کے رونما ہونے کا انتظار نہ کرے ـ انہوں نے کہا کہ پی ایم سی کی پہلی حماقت یہ تھی کہ ٹی ای پی ایس نامی کمپنی کو یہ غیر قانونی ٹھیکہ پی ایم سی پر قابض ٹولے اور کارپوریٹ وکیل نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے دیا جس پر کمپنی نیب اور ایس ای سی پی میں کیسز کا سامنا کر رہی ہے ـ انہوں نے کہا کہ کسی بھی امتحان کیلئے شفافیت ، اعتماد ، سپیسفکیشن اور دستیابی بہت ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے پی ایم سی کے اس امتحان میں چاروں مفقود تھیں ـ انہو ںنے کہا کہ تحقیقات میںیہ بھی بات سامنے آئی ہے جن شادی گھرو ںمیں ٹیسٹ لئے گئے وہاں کبھی نیٹ سسٹم بیٹھ جاتا ، کبھی بجلی فیل ہو جاتی اور کبھی لاگ ان نہیں ہو پاتا تھا جبکہ امتحانی ریکارڈ پورے کا پورا ہیک بھی ہو چکا ہے جس کے بعد اس امتحان کی کوئی قانونی حیثیت باقی نہیں رہ جاتی ـ اس موقع پر متاثرہ طالبات نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شدید ہاہو بقا کی اور کہا کہ ان کے والدین ابھی سکتے میں ہیں ہمارے ساتھ بہت نا انصافی کی گئی ـ یہ کوئی سی ایس ایس کا امتحان نہیں ہے کہ جنرل نالج چیک کیا جائے ـپروفیسر اشرف نظامی نے کہا کہ لاہور ، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں جس طرح احتجاج کرنے والے طلبہ پر مرچیں ، پانی ، ایسڈ اورزہریلی گیس پھینکی گئی ـاس کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ظلم ڈھانے والی بھارتی پولیس اور لاہور و دیگر شہروں کی پولیس میں کیا فرق رہ گیاـ انہوںنے کہا کہ پی ایم سی اور ایم ڈی کیٹ کے امتخانات میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے جس کا سپریم کورٹ نوٹس لے اور ایم ڈی کیٹ کے موجودہ امتحانات منسوخ کر کے لوٹی گئی رقم طلبہ کو واپس کی جائےـ