جنوبی پنجاب میں زیتون کی کاشت پر توجہ دی جائے،ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان زرعی تاریخ کا انقلابی پروگرام ہے:عثمان بزدار
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ زراعت اور محکمہ لائیوسٹاک کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں اوردیگر محکمانہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے اجراء کے لئے فرد ملکیت کی فیس نہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب میں کاشتکاروں کو ڈیجیٹل سبسڈی کے لئے 4لاکھ 72ہزار کسان کارڈجاری ہوچکے ہیں اور رواں مالی سال کے آخرتک10لاکھ کاشتکاروں کو کسان کارڈ کااجراء مکمل ہوجائے گا۔ صوبہ بھر میں کسان کارڈ کے 1590ان پٹ ڈیلر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پروگرام کے تحت گندم گنا او رچاول کی زیادہ پیداوار کے حصول کے پراجیکٹ جاری ہیں۔ ڈرپ ایریگیشن ،سولرائزیشن کے پراجیکٹ کا دائرہ کار بتدریج بڑھایاجارہاہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پنجاب کی زرعی تاریخ کا انقلابی پروگرام ہے۔ جنوبی پنجاب میں زیتون کی کاشت پر توجہ دی جائے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ زراعت کے ریسرچرزنے گندم کی 31نئی اقسام متعارف کرائی ہیں۔ گندم کی نئی اقسام میں پانی کی کمی اور بیماریوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے۔ پنجاب میں کھجور کی نئی ورائٹی بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ پنجاب میں مکئی ،گندم اور چاول کی اہداف سے زیادہ پیداوار حاصل کی گئی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ زراعت توسیع کی ری سٹرکچرنگ او رآئوٹ سورسنگ کی جائے گی۔ چاول ،گندم،گنا اور مکئی پر ریسرچ کے لئے سنٹرل آف ایکسیلینس قائم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی، وزیر لا ئیوسٹاک حسنین بہادر دریشک، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ، سیکرٹری فنانس ، سیکرٹری ایگریکلچراور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی.