ا مریکی نائب وزیر خارجہ کا اگلے ہفتہ دورہ پاکستان
دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ ایک مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں، وینڈی شرمن
واشنگٹن،جنیوا (ویب نیوز)امریکی محکمہ خارجہ میں ڈپٹی سیکرٹری وینڈی شرمن اگلے ہفتہ کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی،وہ سات اور آٹھ اکتوبر کو اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے کئی اہم امور پر بات چیت کریں گی۔ افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد سے کسی امریکی عہدیدار کا یہ اسلام آباد کا پہلا دورہ ہو گا۔،جرمن ٹی وی رپورٹ کے مطابق وینڈی شرمن اپنے طویل دورے کے لیے امریکا سے روانہ ہوچکی ہیں اور اس سلسلے میں ابھی وہ سوئٹزر لینڈ میں ہیں۔ وہاں انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا، ہم دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ ایک مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں اور ہم تمام عسکریت پسندوں اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلا امتیاز تسلسل کے ساتھ کارروائی کی توقع کرتے ہیں۔اس موقع پر امریکی ڈپٹی سیکرٹری نے پاکستان کے اس موقف کا بھی اعتراف کیا کہ دہشت گردی سے پاکستان کا بھی کافی نقصان ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ہمارے دونوں ممالک دہشت گردی کی لعنت سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ہم تمام علاقائی اور بین الاقوامی دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے کے لیے تعاون کی کوششوں کے منتظر ہیں۔وینڈی شرمن ازبکستان اور بھارت کا بھی دورہ کرنے والی ہیں۔ انہوں نے افغانستان میں ایک شمولیتی حکومت کے قیام کے لیے پاکستانی حکومت کی جانب سے ہونے والی کوششوں کی تعریف بھی کی۔ ان کا کہنا تھا، ہم پاکستان کی طرف پر امید نظروں سے دیکھتے ہیں کہ وہ اسے با معنی بنانے کے لیے اہم اور فعال کردار ادا کرے۔