کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے کوئی خفیہ مذاکرات نہیں ہورہے، پرویز خٹک

افغانستان کی حکومت نے یقین دلایا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے

افغانستان کو خطے کے تمام ممالک کی مشاورت کے بعد ہی تسلیم کیاجائے گا، امن کے لیے پوری دنیا کو تعاون کرنا ہوگا

عمران خان کے خلاف 22ارکان اسمبلی پر مشتمل فاروڈ بلاک تشکیل د ینا صدی کا سب سے بڑا جھو ٹ ہے ، وزیر دفاع کی گفتگو

نوشہرہ ( ویب  نیوز )وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان( ٹی ٹی پی) سے افغانستان یا پاکستان میں کوئی خفیہ مذاکرات نہیں ہورہے۔افغانستان کی حکومت نے یقین دلایا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔افغانستان کو خطے کے تمام ممالک کی مشاورت کے بعد ہی تسلیم کیاجائے گا۔افغانستان میں امن کے قیام کے لیے پوری دنیا کو تعاون کرنا ہوگا۔22ارکان کے فاروڈ بلاک کا اسکینڈل صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے، جھوٹی خبریں لگانے والوں کے خلاف قانون سازی کی بات کرنے پر لوگ ناراض ہوجاتے ہیں۔ملک میں مہنگائی بین الاقوامی اثرات کی وجہ سے ہے۔عمران خان غریب لوگوں کے لیے احساس پروگرام،کسان کارڈ پروگرام لار ہے ہیں جس سے غریب آدمی کو سستے داموںاشیا ئے خورد و نوش مل سکے گی،اپوزیشن شور مچاتے رہے گی۔ان کو پہلے جیسی پھر مار پڑنے والی ہے۔ملک کی معیشت دن بدن بہترسے بہتر ہوتی جارہی ہے۔عمران خان دیانتدار لیڈر ہیں چوروں کو این آر او نہیں ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نینوشہرہ کینٹ میں”صباح نیوز”سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ افغانستان میں کسی گروپ یا کالعدم تنظیم سے بات چیت نہیں کی جارہی جس نے بھی ریاست پاکستان کے خلاف کارروائی کی ان کے ساتھ قانون کی زبان میں بات ہو گی۔پاکستان کا امن افغانستان اور افغانستان میں امن پاکستان سے وابستہ ہے۔خطے میں امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیاہے اور کرتا رہے گا۔پاکستان ذمہ دار ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے پاکستانی سرحدوں کو مکمل طور پر محفوظ بنادیا ہے جلد باقی بچے کچے دہشت گروں کا خاتمہ کردیں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ افغانستان میں جس کسی سے بھی جو بات ہو گی قوم کو اعتماد میں لیاجائے گا۔انہوں نے کہا عمران خان ملک میں تبدیلی کی علامت ہیں عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے تحریک انصاف کی حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔مہنگائی امریکہ میں بھی ہے اور یورپ میں بھی ،کورونا وائرس کے بعد ہر جگہ مہنگائی ہوگئی ہے۔پاکستان پٹرول ،تیل ،سویابین،گیس دوسری اجناس بیرون ممالک سے درآمد کرتا ہے جس کی وجہ سے ان کی قیمت  میں اضافہ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے احساس پروگرام ،کسان کارڈ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس سے غریب عوام کو ریلیف ملے گا۔سستی قیمتوں پر اشیا ء دستیاب ہوگی۔انہوںنے کہا کہ اپوزیش شور مچاتی رہے گی تحریک انصاف عوام کی حقیقی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گی۔انہوںنے کہا کہ چند سازشی عناصر نے میڈیا اور سوشل میڈیا پرجھوٹی خبر لگائی کہ پرویز خٹک نے عمران خان کے خلاف 22ارکان اسمبلی پر مشتمل فاروڈ بلاک تشکیل دے دیاہے۔یہ اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹا اسکینڈل ہے جس کی کوئی حقیقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جھوٹی خبروں کے خلاف قانون سازی کرنا چاہتے ہیں مگر پھر چند لوگ ناراض ہوجائیں گے۔