پاکستان میں ایریا ییلڈ انڈیکس انشورنس لانچ کرنے کیلئے بی اوپی، ایچ بی ایل اور ٹی پی ایل کے مابین اشتراک
دی بینک آف پنجاب، ایچ بی ایل اور ٹی پی ایل انشورنس لمیٹڈ کے مابین ایریا ییلڈ انڈیکس انشونس پراڈکٹ کے تجرباتی منصوبے کیلئے اشتراک،

لاہور (ویب نیوز )

یہ منصوبہ پاکستان ایگرکلچر کوئلیشن نے پی یو ایل اے کو اپنے ساتھ بطو ر اطلاقی شراکت دار اور ایس سی او آر کو بطوردہرا عالمی بیمہ دار بنا کر پیش کیا ہے۔
معاہدے پر دستخطوں کی تقریب بیک وقت بی او پی اور ایچ بی ایل کے ہیڈ آفسز میں منعقد ہوئی۔ ہیڈ ریٹیل اینڈ پرائرٹی سیکٹر لنڈنگ بی او پی آصف ریاض، ہیڈ رورل بینکنگ ایچ بی ایل کاشف عمر تھانوی اور سی ای او ٹی پی ایل انشورنس لمیٹڈ محمد امین الدین نے یاداشت پر دستخط کیے۔
تقریب میں دی بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود،ایچ بی ایل کے صدرا ور سی ای او محمد اورنگزیب، ٹی پی ایل کارپوریشن کے گروپ سی ای اوعلی جمیل، ہیڈ کنزیومر،رورل اینڈ ایس ایم ای بینکنگ عامر قریشی اور کاظم سعید سٹریٹجی ایڈوائزر پاکستان ایگرکلچر کوئلیشن کے علاوہ تینوں اداروں کے اعلی عہدداران نے شرکت کی۔ تقریب میں عالمی شراکت داروں پی یو ایل اے اور ایس سی او آر کے نمائندوں نے ورچوئلی شرکت کی۔
اس پراڈکٹ کے تحت پائلٹ اضلاع کے کسانوں کو بی اوپی اور ایچ بی ایل سے پیداواری قرضہ جات حاصل کرنے کی صورت میں انشورنس بھی فراہم کی جائے گی۔ ایریا ییلڈ انڈیکس انشورنس کی اضافی خدمات پر آنے والے اضافی مصارف بی او پی، ایچ بی ایل اور ٹی پی ایل مشترکہ طور پر ادا کریں گے۔ اس پراڈکٹ کے ذریعے کسانوں کو موسمی وجوہات طوفان، کورا، اضافی بارش، گرمی کی لہر، ژالہ باری، سیلاب، کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کے باعث ہونے والے نقصان سے تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ یہ بیمہ شدہ کسانوں کو ادائیگی کی حدود یا حکومتی اداروں کی جانب سے آفت زدہ قرار دیئے جانے کے بغیر سہولت فراہم کرے گا۔
تجرباتی منصوبے کے تحت صوبہ پنجاب کے چار اضلاع پاکپتن، گوجرانوالہ، حافظ آباد اورشیخوہ پورہ میں گندم اور چاول کی فصل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ فصل کی پیداوارکا بیمہ تاریخی ڈیٹا کی مدد سے فی سیٹ اوسط پیداوار پر طے کیا جائے گا اور اور انشورنس کلیم کھیت کی اوسط پیداوار 70% سے ہونے کم پر ادا کیا جائے گا۔ فصل کی پیداوار کا تعین عالمی شراکت داروں کی جانب سے فصل کٹائی کے تجزیہ سے کیا جائے گا۔
بی اوپی کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود، ایچ بی ایل کے صدر و سی ای او محمد اورنگزیب اور ٹی پی ایل کارپوریشن کے گروپ سی ای او علی جمیل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم اس منصوبے میں اشتراک پر بہت پرجوش ہیں، اس منصوبے کے تحت کسانوں کو زرعی پراڈکٹس پر کوریج فراہم ہونے سے پاکستان کے زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں۔ اس سہولت کے باعث کسان زراعت کی جدید تکنیک اور طریقہ کار اختیار کرنے میں زیادہ بااعتماد ہوں گے کیوں انشورنس ان کے خطرات کو کم کر دے گی۔