پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔  ڈاکٹر عارف علوی

سرمایہ کارپاکستان میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں

حکومت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولتیں فراہم کررہی ہے

اوورسیز پاکستانیوں کاملک کی ترقی میں اہم کردار ہے

صدر مملکت کا دبئی میں سرمایہ کاری کانفرنس وروشن اپنا گھر سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

دبئی(ویب  نیوز) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کارپاکستان میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں ، حکومت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولتیں فراہم کررہی ہے  ۔وہ دبئی میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میںمشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور گورنر پنجاب  چوہدری محمد سرور بھی شریک تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں غیر ملکی سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں، حکومت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ حکومت نے بزنس کمیونٹی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔پاکستانی برآمدات میں اضافہ  ہورہا ہے پاکستان آئی ٹی برآمدات میں 50فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک قابل قدر پالیسی بنائی ہے۔ سرمایہ کار پاکستان میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔صدرمملکت نے مزید کہاکہ ماضی میں چوتھے صنعتی انقلاب کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ موجودہ حکومت نئے دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے۔ حکومت ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے لوگوں کو بااختیار بنایا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی کووڈ19 سے نمٹنے کیلئے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کامیاب رہی ۔ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے۔ پاکستان 22کروڑ آبادی اور افرادی قوت کا حامل ملک ہے۔ ہمارے ڈاکٹر انجینئر دنیا کے کئی ملکوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں آج پاکستان ون ونڈو ملک ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی آئی ٹی کمپنیاں اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی ہیں۔ پاکستانی یونیورسٹیاں بہترین آئی ٹی گریجوایٹس اور انجینئرز پیدا کررہی ہیں۔ جبکہ روشن  اپنا گھر سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ دبئی میں ایکسپو 2020 کا کامیاب آغاز ہوگیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کاملک کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ پاکستان نے 70,80 کی دہائی میں اچھے ڈاکٹرز اور انجینئرز پیدا کیے جو بیرون ملک چلے گئے ۔ پاکستان کا بڑا ٹیلنٹ ملک سے باہر دوسرے ملکوں میں خدمات  سرانجام دے رہا ہے کیونکہ ہمارے ملک میں ان کو رکھنے کی کیفیت موجود نہیں تھی۔ اخلاقیات کے اعتبار سے پاکستانی اپنا ثانی نہیں رکھتے ۔ پاکستانیوں نے اختلاقیات میں دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ پاکستان نے 40لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی کسی پاکستانی لیڈر نے نہیں کہاکہ افغان مہاجرین کوواپس بھیجا جائے۔پاکستانی فراخدل لوگ ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی اور اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کیا ۔ کورونا وباء  کے دوران پاکستانیوں نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ وزیراعظم عمران خان دنیا کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے مکمل لاک ڈائون کی مخالفت کی۔کووڈ 19 کے دوران پاکستان نے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اپنائی۔ دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی فروغ پارہی ہے۔ پاکستان میں بھی آئی ٹی کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ صدر نے کہاکہ میں پاکستان کوبدلتا ہوا ،ابھرتاہوا ،مسکراتا ہوا ولولہ انگیز پاکستان دیکھ رہا ہوں۔