کرکٹرز کا ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس

 ہمارے قومی ہیرو اور اثاثہ کی موت کی خبر سن کے بہت دکھ ہوا ،بابر اعظم

 ڈاکٹر عبدالقدیر  کو پاکستان اور مسلم دنیا  کیلئے انکی تمام خدمات کا اجر دے گا،شاہد آفریدی

 اسلام آباد(ویب  نیوز) قومی کرکٹرز نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیاہے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر محسن پاکستان ، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ہمارے قومی ہیرو اور اثاثہ کی موت کی خبر سن کے بہت دکھ ہوا جنہوں نے اپنی زندگی پاکستان کے لیے وقف کر دی۔انہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات نے ہمیں مضبوط بنایا اور ساتھ ہی فخر کرنا بھی محسوس کروایا۔ انہوں نے کہا کہ جناب! آپ کو ہمیشہ محسنِ پاکستان کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور ہم ہمیشہ آپ کے مقروض رہیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ، وہ ہمیشہ ہیرو رہیں گے، پاکستان کے لیے ان کی خدمات بے مثال ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان اور مسلم دنیا کے لیے ان کی تمام خدمات کا اجر دے گا۔