آئی سی سی کے صدر نے انڈسٹریل ایریا میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا
بزنس کمیونٹی شجرکاری میں بھرپور شرکت کرکے وزیراعظم کے مشن کو آگے بڑھائے۔ محمد شکیل منیر
زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اسلام آباد کو مزید سرسبز بنائیں گے۔ میاں اکرم فرید
اسلام آباد (ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے انڈسٹریل ایریا اسلام آباد میں واقع سہالہ فلور مل میں مورنگا درخت کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا تا کہ پاکستان کو سرسبز وشاداب بنانے کیلئے وزیراعظم کے مشن کو مزید آگے بڑھایا جائے۔ چیمبر کے نائب صدر محمد فہیم خان، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، طارق صادق، میاں شوکت مسعود، عبدالرحمٰن خان، کریم عزیز ملک، چوہدری مختار احمد، عمیس خٹک، شوکت حیات خان، محمود احمد وڑائچ اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمد شکیل منیر نے کہا کہ صحت مند ماحول کو فروغ دینا آئی سی سی آئی کی اہم ترجیح ہے اسی لئے چیمبر نے اسلام آباد میں ایک گو گرین مہم کا آغاز کر کے ہزاروں پودے لگائے گئے تھے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اس سال بھی مارکیٹوں و صنعتی علاقوں مزید پودے لگا ئیں تا کہ پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کے وزیراعظم کے مشن کی طرف مثبت پیش رفت کی جائے۔
محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاکستان کے کل رقبے کا تقریبا صرف پانچ فیصد زیر جنگلات ہے جبکہ دنیا میں اس کی اوسط شرح تیس فیصد سے زائد ہے اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں شجرکاری کو فروغ دینا کتنا ضروری ہے تا کہ صحت مند ماحول کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لگائے گئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال کرنا بھی ضروری ہے کیونکہ جانوروں کے کھانے اور دیمک کی وجہ سے پودوں کی بقا کی شرح صرف پچاس فیصد رہ جا تی ہے۔
فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اسلام آباد کو مزید سرسبز وشاداب شہر بنایا جائے گا۔ انہوں نے تاجر برادری پرزور دیا کہ وہ اس نیک مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے دیگر اداروں اور سول سوسائٹی کے ممبران سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اسلام آباد کو ملک کا مثالی سرسبزو شاداب شہر بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔