پاک فوج عالمی قیام امن کے لئے ایک منفرد مقام رکھتی ہے ۔ آرمی چیف

ہمارے جوانوں نے عالمی امن کی خاطر آزمائش کی ہر گھڑی میں قربانیاں دی ہیں

راولپنڈی ( ویب  نیوز)پاکستان کی مسلح افواج نے اقوام متحدہ کی 76ویں سالگرہ پر اپنی نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔ جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج عالمی قیام امن کے لئے ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان  کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امن کے لئے اور انسانیت کی خدمت کرنے کے حوالہ سے پاکستان آرمی ایک منفرد تاریخ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں نے عالمی امن کی خاطر آزمائش کی ہر گھڑی میں قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے ملک کے بانی کے وژن کے مطابق ہمارے غیر متزلزل عزم کاثبوت ہیں۔یاد رہے پاکستان کی مسلح افواج اقوام متحدہ مشنز میں سے ایک ہے اور پاکستانی فوجیوں کی اقوام متحدہ کے ساتھ خدمات انجام دینے کی ایک طویل تاریخ ہے، پاکستانی فوجیوں کی اقوام متحدہ کے ساتھ خدمات کو ہمیشہ عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔اقوام متحدہ کے امن مشنز  میں پاکستان کی خدمات 1960 میں شروع ہوئیں اور پاکستان نے کانگو میں اقوام متحدہ کے آپریشن میں اپنا پہلا دستہ تعینات کیا۔پاک فوج کے پیس کیپرز اب تک28 ممالک میں اقوام متحدہ کے 46 امن مشنز میں حصہ لے چکے ہیں، پاک فوج کے پیس کیپرز میں 2 لاکھ سے زائد فوجی جوان شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے پاکستان کے 161 جوان شہید ہوئے، امن مشنز شہدا میں 24 افسران نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔