حکومت کا ایک ایک منٹ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان دے رہا ہے، شہبازشریف

مہنگائی کنٹرول کرنے کا اعلان کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مزید بڑھا دیں،

لاہور ( ویب  نیوز)صدر پاکستان مسلم لیگ(ن)اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے حکومت کو معاشی تباہی اور مہنگائی کے ذریعے قومی سلامتی خطرے میں ڈالنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت، عوام اور موجودہ حکومت میں سے ایک کو چننا ہوگا، اس حکومت کا ایک ایک منٹ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان دے رہا ہے۔مہنگائی کنٹرول کرنے کا اعلان کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مزید بڑھا دیں، یہ ہے اس حکومت کا احساس اور وعدہ؟ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ پوری حکومت کو مکمل چھٹی دینے کی ضرورت ہے، مسائل کی دلدل سے ملک کو نکالنے کے لئے سنجیدہ، قابل اور دیانت دار ٹیم کی ضرورت ہے۔ثابت ہوچکا ہے کہ ملک اور قوم کے مسائل کو یہ حکومت حل نہیں کرسکتی، مزید وقت ضائع کرنا ملک اور قوم کے ساتھ سنگین زیادتی ہے۔مہنگائی ، معاشی تباہی اور بے روزگاری کی سزا ملک اور قوم بھگت رہی ہے، حکومت کو احساس نہیں کہ غریب ہی نہیں سفید پوش طبقہ پس چکا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس ظالم حکومت سے نجات کے لئے پوری قوم کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا اور فیصلہ کن قدم اٹھانا ہوگا۔جبکہ اس سے قبل ایک اور ٹویٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کا این اے 133 لاہور سے پارٹی انتخابی ٹکٹ مرحوم رہنما پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز  ملک کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمانی بورڈ نے فیصلے کی منظوری دے دی۔پارٹی قائد محمد نوازشریف اور صدر شہباز شریف نے شائستہ پرویز ملک کو انتخابی ٹکٹ دینے کے فیصلے کی تائید و توثیق کر دی۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر اوررکن قومی اسمبلی خواجہ محمد سعد رفیق نے ٹوٹر پر جاری بیان میں کہا کہ انشااللہ اسلامی احکامات کے مطابقشائستہ پرویز ملک صاحبہ عدت پوری کرینگی، انتخابی مہم وہ نہیں مگرپاکستان مسلم لیگ (ن) اور ان کا خاندان چلائیں گے-سینئر خاتون سیاسی رہنما کا براہ راست انتخاب خواتین کوقیادت دینے کی کاوش ہے۔ رکن اسمبلی کی وفات پرانکی فیملی کو پارٹی ٹکٹ دینا ہر جماعت کی روایت ہے۔ Twitter-ZS–