یوفون نے لائسنس خریداری اورملک بھر میں 4Gکی فراہمی کے لئے سب سے بڑی سنڈیکیٹ فنانسنگ حاصل کرلی

اسلام آباد، (ویب نیوز )

پاکستانی ٹیلی کام کمپنی، یوفون نے 4Gاسپیکٹرم کی خریداری اورجدید 4Gخدمات کو ملک بھر میں وسعت دینے کے لیے مسلم کمرشل بینک لمیٹڈ (ایم سی بی)، الائیڈ بینک لمیٹڈ (اے بی ایل)، بینک آف پنجاب(بی او پی)، نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)، اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کے مشترکہ کنسورشیم سے اپنی سب سے بڑی سینڈیکیٹ فنانسنگ کی سہولت حاصل کرلی ہے۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پی ٹی سی ایل اور یوفون کے پریذیڈنٹ و گروپ سی ای او، حاتم بامطرف نے 21 ارب روپے کی سینڈیکیٹ فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ایم سی بی کے پریذیڈنٹ عمران مقبول، ایم سی بی کے کارپوریٹ فنانس اینڈ انٹرنیشنل بینکنگ کے گروپ ہیڈ شعیب ممتاز، الائیڈ بینک کے پریذیڈنٹ ایزد رزاق گل، الائیڈ بینک کے کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ کے چیف اویس شاہد، ہیڈ انوسٹمنٹ بینکنگ،بینک آف پنجاب عمر خان، نیشنل بینک کے کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ گروپ کے ڈیویژنل ہیڈ عابد کچلیواور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے گروپ ہیڈ کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ فاروق احمد خان بھی موجود تھے۔

یوفون نے پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے حال ہی میں منعقدہ اسپیکٹرم کی نیلامی کے دوران مسابقتی بولی کے نتیجے میں 4Gاسپیکٹرم کا لائسنس حاصل کیا ہے۔ ٹیلی کام کمپنی کی جانب سے اپنے صارفین کو اعلیٰ معیار کی کنکٹویٹی اور خدمات کے بہتر استعمال کے ساتھ ساتھ 4Gاسپیکٹرم میں سرمایہ کاری سے اسکے نیٹ ورک کی گنجائش میں توسیع اور مستعدی میں مزید بہتری آئے گی۔

اس موقع پر پی ٹی سی ایل اور یوفون کے پریذیڈنٹ وگروپ سی ای او، حاتم بامطرف نے بروقت مالی تعاون کرنے پر بینکنگ کنسورشیم کا شکریہ ادا کیااور کہا،”اس مالیاتی سہولت سے پاکستان کے لوگوں کو اعلیٰ معیار کی موبائل براڈ بینڈ خدمات حاصل ہوں گی۔ اس سرمایہ کاری سے ہماری خدمات کا معیار بہتر ہوگا اور ہمارے صارفین کی ترقی کے لئے سماجی و معاشی مواقع کھلیں گے۔ ملکی ترقی پاکستان کی بینکنگ اور ٹیلی کام انڈسٹریز کا مشترکہ ہدف ہے اور اس سلسلے میں ہم مل جل کر لوگوں کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔”

ایم سی بی کے پریذیڈنٹ، عمران مقبول نے یوفون کو 4Gاسپیکٹرم کے حصول پر مبارک باد پیش کی اور کرونا کے بعد کی صورتحال میں تمام شعبوں میں تیز رفتار ترقی کے لیے ورچوئل کنکٹویٹی بڑھانے اور پائیدار ترقی کے لئے ٹیکنالوجیکل جدت اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یوفون نئی 4Gصلاحیتوں کے ساتھ ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار مزید وسیع کرے گا۔