اسلام آباد(ویب نیوز )
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ کے چیئرمین سینیٹر حاجی ہدایت اللہ نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس میں سارک چیمبر کے نائب صدر و سابق صدر ایف پی سی سی آئی سینیٹر حاجی غلام علی، چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس حاجی قربان علی سے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی اقتصادی صورتحال ، کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل ، ایکسپورٹ میں اضافہ ۔ ایس ایم ایز سیکٹر سمیت صنعتکاروں و سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات کے خاتمہ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اور پاکستان کے بڑے امپورٹرز و گلگت کی معروف کاروباری شخصیات حاجی محمد حسن ‘حاجی فدا حسین اورگلگت چیمبر کے بانی صدر مشتاق احمد بھی موجود تھے ۔ سارک چیمبر کے نائب صدر و ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر سینیٹر حاجی غلام علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات سے فائدہ کم نقصان زیادہ ہورہا ہے ۔ ٹیکس دینے والوں کو ہی ہمیشہ نشانہ بنایا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ ٹیکس نیٹ میں آنے سے کتراتے ہیں ۔ کاروبار کو آسان بنانا اور کاروباری برادری کو ہر قسم کی سہولیات اور فری ہینڈ دینا ہوگا ۔ حکومت کو اگر زرمبادلہ ، روزگار کے مواقع اور ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال میں بہتربنانے کیلئے اقدامات اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود، مسائل کے خاتمہ اور پاکستان کی معاشی ترقی اور صنعتوں و کاروبار کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے بیمار صنعتی یونٹوں کی بحالی اور ایس ایم ایز سیکٹر پر خصوصی توجہ دے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی نے کہاکہ پٹرولیم ، گیس ، بجلی اور ڈالر کی قیمتوںمیں اضافہ سے جہاں عام عوام مشکلات سے دوچار ہوئی ہیں وہیں پرائیویٹ سیکٹر کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میںسرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کیلئے تاجروں و سرمایہ کاروں کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے ۔ ایف پی سی سی آئی نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ہے اور پاکستان کی معاشی و تجارتی ترقی کیلئے ایف پی سی سی آئی ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی ہائوس سینیٹر حاجی ہدایت اللہ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے جو بھی مسائل ہونگے ہم انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سینیٹ اراکین ایف پی سی سی آئی کیساتھ ملکر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیںان کے مسائل ہمارے مسائل ہیں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ہر محاذ پر جنگ لڑیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر نہ صرف ملک کیلئے زرمبادلہ کے اسباب پیدا کرتے ہیں وہیں روزگار کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہپاکستان کی معاشی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں ایف پی سی سی آئی کے صدر ، سینئر نائب صدر و دیگر قائدین سے بھی ملاقات کروں گا ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو جو بھی مسائل درپیش ہیں ان کے حل کیلئے اپنے تاجر بھائیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹی میں بھرپور آواز اٹھا ئونگا۔