وزیراعظم 25دسمبر کو راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح کریں گے۔ طارق مرتضیٰ
رنگ روڈ کے اردگرد صنعتی زونز کا قیام یقینی بنایا جائے۔ شکیل منیر
اسلام آباد (ویب نیوز )
راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے چیئرمین طارق محمود مرتضیٰ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری کو راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے بارے میں ایک بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم 25 دسمبر کو 38.3 کلومیٹر طویل نظرثانی شدہ رنگ روڈ کا افتتاح کریں گے اور آر ڈی اے 18 ماہ کے اندر اس اہم منصوبے کو مکمل کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا رنگ روڈ کے ساتھ صنعتی زونز کے قیام کا مطالبہ بالکل جائز ہے اور امید ہے کہ حکومت ان کے اس مطالبے پر ہمدردانہ غور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ جڑواں شہروں میں ٹریفک رش کے مسائل کو حل کرے گی کیونکہ تمام ہیوی ٹریفک کو رنگ روڈ پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے شہریوں کی سہولت کے لیے راولپنڈی میں کچہری چوک، ڈیفنس چوک اور نالہ لائی کے اہم منصوبے بھی تعمیر کرے گی۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر، محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، طارق صادق صدر اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن، خالد جاوید، میاں شوکت مسعود، خالد اقبال ملک، شیخ عامر وحید، عمیس خٹک، حافظ بلال منیر، رانا قیصر شہزاد، اختر حسین، سردار طاہر محمود، محمد نوید ملک، خالد چوہدری، زاہد رفیق اور دیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولپنڈی رنگ روڈ کے ساتھ صنعتی زونز کے قیام کو یقینی بنائے کیونکہ ان زونز کا قیام صنعت کاری اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، حکومت کے ٹیکس ریونیو کو بہتر بنانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے اشد ضرور ی ہے۔انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ پر صنعتی زونز کے قیام سے خطے میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا لہذا آر ڈی اے ہر صورت میں رنگ روڈ پر صنعتی زونز کے قیام کیلئے اقدامات کرے۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ کام کر رہا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ آر ڈی اے رنگ روڈ کے ارد گرد نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے مناسب زمین کی نشاندہی کرکے اس کے قیام میں تعاون کرے۔
چیمبر کے نائب صدر محمد فہیم خان نے کہا کہ آر ڈی اے رنگ روڈ کے ساتھ فروٹ و سبزی منڈی، ٹرک سٹینڈ اور گودام تعمیر کرے کیونکہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے کے لیے ان کی دستیابی بہت اہم ہے۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدور خالد جاوید، طارق صادق، میاں شوکت مسعود، خالد اقبال ملک، شیخ عامر وحید اور دیگر نے اس بات پر زور دیا کہ آر ڈی اے کو رنگ روڈ کے ساتھ صنعتی زونز کے قیام کا معاملہ حکومت کے ساتھ اٹھانا چاہیے کیونکہ رنگ روڈ کے ساتھ ان زونز کی دستیابی جڑواں شہروں کو کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنائے گی اور اس خطے میں ترقی و خوشحالی کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے