انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ کی قدر میں گراوٹ کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے

عالمی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران 49ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا1866ڈالر ہو گیا

کراچی ( ویب  نیوز)

انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ کی قدر میں گراوٹ کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ صرف6دنوں میں پاکستانی روپیہ ڈالر کے سامنے5روپے گھٹ گیا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دورا ن انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر5.10روپے مہنگا ہو گا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 170.60روپے سے بڑھ کر175.70روپے اور قیمت فروخت170.70روپے سے بڑھ کر175.80روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 6دنو ں میں ڈالر کی قدر5روپے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 172.50روپے سے بڑھ کر177.50روپے اور قیمت فروخت 173روپے سے بڑھ کر178روپے کی بلند ترین تاریخی سطح پر جا پہنچی ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں یورو کی قدر میں 4روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 198روپے سے بڑھ کر201.50روپے اور قیمت فروخت200روپے سے بڑھ کر204روپے ہو گئی اسی طرح5روپے کے نمایاں اضافہ سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 231.50روپے سے بڑھ کر236روپے اور قیمت فروخت234روپے سے بڑھ کر239روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20پیسے ،یورواور برطانوی پونڈ کی قدرمیں بالترتیب1،1روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ۔

عالمی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران 49ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا1866ڈالر ہو گیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک ہفتے کے دوران ایک تولہ سونا4800روپے اور دس گرام سونا4115روپے مہنگا ہوا ۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو عالمی مارکیٹ میں17ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا1866ڈالر ہو گیا تاہم ہفتہ کے دن ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا550روپے کی کمی سے1لاکھ28ہزار100روپے اور 472روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ9ہزار825روپے ہو گئی ۔