اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری اراضی پرتجاوزات کوختم کرایا جائے،صوبائی حکومتیں تجاوزات کیلیے قانون سازی کے عمل کو جلد مکمل کریں۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ، کنسٹریکشن اینڈ ڈیویلپمنٹ کا اجلاس ہوا،سروے جنرل آف پاکستان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری اراضی کی 88 فیصد میپنگ مکمل کر لی گئی ہے،تاحال مکمل میپنگ سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی پرتجاوزات کی نشاندہی ہوئی ہے۔ان تجاوزات کی مالیت کھربوں روپے بنتی ہے،سب سے زیادہ تجاوزات جنگلات کی اراضی پر بنائی گئی ہیں۔واپڈا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سول ایوی ایشن اور ریلوے کی زمینوں پر بھی  تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔وزیر اعظم نے سروے آف پاکستان کی میپنگ پر ستائش اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبے کیڈیسٹرل میپنگ کے ڈیٹا کی سروے آف پاکستان کے ساتھ دو مہینوں میں تصدیق کے عمل کو مکمل کریں۔صوبائی حکومتیں اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری تجاوزات کے خلاف زیر التوا مقدمات کی موثر پیروی کریں۔

وزیر اعظم عمران خان نے سہولت کارڈز سے متعلق ٹھوس پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی صحت کارڈ، کسان کارڈ، اوراحساس راشن کارڈ پر اب ٹھوس پالیسی وضع کی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت کارڈز پالیسی کی تیاری کے لیے اہم اجلاس ہوا۔  وزیر اعظم کی زیر صدرت اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عامر کیانی، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی شریک ہوئے، اجلاس میں وزیر اعظم کو صحت سہولت کارڈز کی افادیت، راشن کارڈز، اور کسان کارڈ پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ حکومتی سہولت کارڈز کے بارے میں قومی سطح کی آگاہی مہم شروع کی جائے، وزیر اعظم عمران خان آئندہ اجلاس میں کارڈز سے متعلق نئی پالیسی کی ہدایات دیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں صحت کارڈ اجرا یکم جنوری میں ہوگا، مارچ میں مکمل ہو جائے گا۔آئندہ اجلاس میں آگاہی مہم پر صوبوں میں قومی، ضلعی اور تحصیل سطح کی کمیٹیاں بنائی جائیں گی، اور وزیر اعظم کی طرف سے پارٹی کے ورکرز کو آگاہی مہم کا ٹاسک دیا جائے گا۔