بابا گورونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات کا گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں آغاز

23سو سے زائد یاتریوں کو50 بسوں کے ذریعے سخت سیکورٹی کے حصار میں گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا گیا

حسن ابدال( ویب  نیوز)سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات کا گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں آغاز ہو گیا، جس میں دنیا بھر سے ہزاروں کی تعداد میں یاتری شرکت کر کے بابا گورونانک سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کر رہے ہیں ۔ یاتریوں کی آمد کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات ہر سال کی طرح پوری شان و شوکت کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہیں ۔ 552 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے بھارت سے آنے والے3000کے قریب یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے تھے ۔

 

گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں جنم دن کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے آنے والے 23سو سے زائد یاتریوں کو50 کے قریب خصوصی بسوں کے ذریعے سخت سیکورٹی کے حصار میں گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا گیا ۔ ان کی آمد سے قبل پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا جبکہ 1200سے زائد اہلکاروں نے پورے علاقے کو اپنے حصار میں لے لیا ۔ دیگر ممالک اور اندرون ملک سے بڑی تعداد میں یاتری اس سے قبل ہی گوردوارہ پنجہ صاحب پہنچ چکے ہیں ۔ یاتری تین روزہ تقریبات کے دوران اشنان ۔ ماتھا ٹیکی ۔ اکھنڈ پاٹ اور دیگر مذہبی رسومات ادا کریں گے ۔ یاتریوں کی حسن ابدال آمد کے موقع پر ضلع بھر کے اعلی افسران نے ان کا استقبال کیا ۔ ڈی پی او اٹک سیکورٹی کے انتظامات جبکہ ڈی سی اٹک یاتریوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے خود تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ یاتری تقریبات میں شرکت کے بعد 22 نومبر کو واپس روانہ ہو جائیں گے ۔

#/S