یہ کافی پرانی بات ہے ، تب میں پارٹی کا میڈیا سیل چلارہی تھی
اسلا م آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے 4 چینلز کے اشتہارات روکنے سے متعلق اپنی آڈیو کے درست ہونے کا اعتراف کرلیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ میڈیا کے اشتہارات روکنے سے متعلق ان دنوں سوشل میڈیا پر آپ کی ایک آڈیو کلپ وائرل ہورہی ہے اس حوالے سے کیا کہیں گی؟ جس پر مریم نواز نے کہا کہ وہ آواز ان ہی کی ہے اور آڈیو درست ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ وہ آڈیو جوڑ جوڑ کر بنائی گئی ہے یا میری آواز نہیں ہے، وہ میری آواز ہے۔مریم نے اس حوالے سے مزید کہا کہ یہ کافی پرانی بات ہے ، تب میں پارٹی کا میڈیا سیل چلارہی تھی، وہ بہت پرانی ہے لیکن میں نے جب کہہ دیا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ فلاں تقریر سے توڑ جوڑ کر بنائی گئی ہے تو یہ بات سامنے آگئی، آج کا جو ٹاپک ہے اسی پر رہیں، اس معاملے پر میں بہت لمبی بات کرسکتی ہوں۔ خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں مریم نواز کسی کو کہہ رہی ہیں کہ چار چینلز کو کوئی اشتہار نہیں جائے گا
مریم کی وائرل آڈیو کلپ میں گفتگو پارٹی اشتہارات سے متعلق تھی، ن لیگ کی وضاحت
پرانی آڈیوہے جس پرمریم نواز نے جرات کے ساتھ سچ بولا،ترجمان ن لیگ
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مرکزی نائب صدر مریم نوازکی آڈیو کلپ سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ مریم نوازکی گفتگو پارٹی اشتہارات سے متعلق تھی، یہ پرانی آڈیوہے جس پرمریم نواز نے جرات کے ساتھ سچ بولا۔اپنے بیا ن میں ان کا کہنا تھاکہ پارٹی اشتہار سے متعلق فیصلہ پارٹی ہی کرتی ہے، مریم نواز نے آڈیوکومانا اس میں چھپانے والی کوئی بات نہیں تھی، جب کچھ غلط نہ کیاہوتو اسی طرح کھل کر اعتراف کیا جاتا ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ مریم نواز کی آڈیو پرطوفان برپا کرنے کی ضرورت نہیں، اس آڈیو کاجواب دیں جس نے عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کے جہنم میں دھکیل دیا، اس آڈیو کاجواب دیں جس کی وجہ سے معیشت کاکباڑا ہوا۔ان کا کہنا تھاکہ اس آڈیوکاجواب دیں جس نے قوم کا ووٹ چوری کرکے کٹھ پتلیاں مسلط کیں، اس آڈیو کا حساب دیں جس سے عدل کے ایوان کے ماتھے پر داغ لگا۔خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے 4 چینلز کے اشتہارات روکنے سے متعلق اپنی آڈیو کے درست ہونے کا اعتراف کیا ہے۔