ریکوڈک پر سعودی عرب سے ڈیل سے متعلق باتیں درست نہیں،مصد ق ملک
وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کو ریکوڈک شیئرز فروخت کرنے کی منظور ی نہیں دی، وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آ باد (ویب  نیوز)

وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ابھی سعودی عرب سے ریکوڈک کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی، ریکوڈک پر سعودی عرب سے ڈیل سے متعلق باتیں درست نہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بھی ایسی کوئی منظوری بھی نہیں دی، ہماری اس حوالے سے سعودی عرب سے بات چیت ضرور ہو رہی ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب سے ریکوڈک میں سرمایہ کاری پر بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے، سعودی عرب کو ریکوڈک کے شیئرز کی فیصد کے حوالے سے بھی کوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال سعودی عرب سے ریکوڈک کے شیئرز کے حوالے سے ڈیل ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ گیس کی قیمتوں کے حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کے فیصلے پرکام کر رہے ہیں، قیمتوں سے متعلق پہلے وزیر اعظم کو بریف کیا جائے گا۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں سے متعلق ابھی تک سمری نہیں بھجوائی، میں نے کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف مہم چلائی، کیپٹو والے گیس سے 13 روپے کی بجلی بناتے ہیں، باقی نیشنل گرڈ سے 40روپے میں خریدتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کے اس معاملے پر وزیر اعظم کو بھی آگاہ کیا، کویت پٹرولیم کی جانب سے پاکستان چھوڑنے کی خبریں غلط ہیں، کمپنی ملک سے کہیں نہیں جارہی اور اس نے آپریشنز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کویت پٹرولیم نے صرف 17فیصد ڈپلیشن والے اثاثے آف لوڈ کیے ہیں۔ وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے کا مجموعی گردشی قرضہ 5ہزار ارب روپے سے زیادہ ہے، نگران حکومت نے کیپٹو پلانٹس کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا تھا، پلانٹس کے مستقبل سے متعلق معاملہ آئی ایم ایف کے ساتھ اٹھائیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی کابینہ نے 540ملین ڈالر میں 15 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی توثیق کردی۔ عہدیدار نے مزید کہا تھا کہ سعودی عرب دو اقساط میں ادائیگی کرے گا، پہلے مرحلے میں، سعودی عرب کو اس منصوبے میں 10فیصد شیئرز ملیں گے، جس کے لیے وہ پاکستان کو 330 ملین ڈالرز ادا کرے گا۔ دوسرے مرحلے میں 5 فیصد شیئرز فروخت کیے جائیں گے جس سے پاکستان کو 210 ملین ڈالرز ملیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سعودی عرب نے پاکستان میں موجود ریکوڈک کے سونے اور تانبے کے ذخائر میں حکومتی حصص حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ ریکوڈک میں 50فیصد حصص کی مالک بیرک گولڈ کارپوریشن اس کان کو دنیا کے سب سے کم توجہ دئیے جانے والے تانبے اور سونے کے ذخائر میں سے ایک قرار دیتی ہے۔ اس وقت وزیر اعظم کے مشیر برائے خصوصی سرمایہ کاری جہانزیب خان نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ پاکستان نے کان میں اپنے حصص کی تشخیص کے لیے ایک بین الاقوامی مشیر مقرر کیا ہے اور توقع ہے کہ یہ عمل 25دسمبر 2023ء سے پہلے مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد سعودی عرب سے بات چیت شروع ہو گی۔ واضح رہے کہ بیرک گولڈ کے علاوہ کان کا بقیہ 50 فیصد وفاق اور حکومت بلوچستان کے پاس ہے۔