آئی سی سی آئی اور یو این ڈی پی کا مل کر ضم شدہ علاقوں کے نوجوانوں کی ہنرمندی اور تربیت پر اتفاق
بہتر روزگار کیلئے ضم شدہ علاقوں کے نوجوانوں کو ہنرمند اور تربیت یافتہ بنانا ضروری ہے۔ شکیل منیر

اسلام آباد (ویب نیوز )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی) نے مشترکہ کوششوں سے خیبر پختونخواہ کے ضم شدہ علاقوں کے نوجوانوں کو مقامی صنعتوں اور کمرشل اداروں میں آن دی جاب ٹریننگ فراہم کر کے ان کو ہنر مند اور تربیت یافتہ بنانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ ان کو ملازمت کے حصول میں آسانی ہو جس سے ان کی غربت کم ہو گی اور ان کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔اس بات پر اتفاق یو این ڈی پی کی طرف سے چیمبر میں تیز رفتار سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے بارے میں منعقدہ ایک آگاہی سیشن کے دوران کیا گیا۔ آئی سی سی آئی کی ممبر کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد نے آگاہی پروگرام میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یو این ڈی پی کے سینئر سیکٹرا سپیشلسٹ احمد عمیرنے شرکاء کو ضم شدہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے ترتیب دیئے گئے ہنر مندی پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی ضم شدہ علاقوں کے پچاس فیصد نوجوان انڈر میٹرک ہیں لہذا ہنرمند اور تربیت یافتہ بنا کر ہی ان کیلئے روزگار کے امکانات بہتر کئے جا سکتے ہیں جس سے وہ قومی معیشت میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر ضم شدہ علاقوں کے 18-38 سال کی عمر کے پانچ ہزار پانچ سو نوجوانوں کو ہنرمند اور تربیت یافتہ بنانے کی کوشش کی جائے گی جو خاص طور پر بدامنی کے دوران بہتر تعلیم حاصل نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں ضم شدہ علاقوں کے 80 فیصد مرد اور 20 فیصد خواتین شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ضم شدہ علاقوں کے نوجوانوں کو کانوں اور معدنیات، تعمیرات، صحت، سیاحت، مہمان نوازی، زراعت اور سروسز شعبوں کے کاروباری و صنعتی اداروں میں آن دی جاب ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے ان کے ادارے کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ فراہم کرنے والے کاروباری اداروں کو ان نوجوانوں پر کوئی خرچہ نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ یو این ڈی پی ہر تربیت حاصل کرنے والے نوجوان کو پندرہ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو این ڈی پی تربیت حاصل کرنے والوں کی پری سیکیورٹی کلیئرنس کو بھی یقینی بنائے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے ضم شدہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے تیز رفتار ہنر مندی پروگرام ترتیب دینے پر یو این ڈی پی کے اقدام کو سراہا اور یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی اسے کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و ہنر کی کمی کی وجہ سے ضم شدہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے ملازمت حاصل کرنا بہت مشکل ہے لہذا ان پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانا اور تربیت فراہم کرنا بہت ضروری ہے تا کہ روزگار حاصل کر کے وہ غربت و افلاس سے چھٹکارہ حاصل کر سکیں، اپنا معیار زندگی بہتر کر سکیں اور علاقائی و قومی معیشت کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے بھی ضم شدہ علاقوں کے نوجوانوں کی ترقی پر توجہ دینے پر یو این ڈی پی کی کوششوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ آن دی جاب ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد بہت سے نوجوان کمرشل اور صنعتی اداروں میں باقاعدہ ملازمت حاصل کر سکیں گے۔یو این ڈی پی کی سینئر ایسوسی ایٹ برائے انوویٹو اور ٹرانسفارمیٹیو پروگرام نیشے خان نے اس موقع پر حاضرین کو مذکورہ پروگرام کے بارے میں تفصیلی یزنٹیشن دی۔