شدید دھند: لاہور ائیرپورٹ بند، 15 پروازیں منسوخ

لاہور(ویب نیوز )شدید دھند کے باعث لاہور ائیرپورٹ کا رن وے گزشتہ رات سے بند کردیا گیا ہے جس کے باعث 15 پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ متعدد کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق صبح کی اوقات میں لاہور ائیرپورٹ کے رن وے پر حد نگاہ 1500 میٹر تھی جس کے باعث ایئرپورٹ پر15پروازیں منسوخ،10 کے اوقات کار تبدیل اور 9 تاخیر کا شکار ہیں۔شیڈول کے مطابق لاہور سے شارجہ جانے والی پرواز پی اے 412 منسوخ، لاہور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 203 منسوخ، لاہور سے اسکردو جانے والی پرواز پی کے453 منسوخ کردی گئی ہے۔شدید دھند کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 303 منسوخ، لاہور سے گلگت جانے والی پرواز پی کے 609 منسوخ کردی گئی۔ اس کے علاوہ لاہور سے مسقط جانے والی پرواز پی کے229 کو منسوخ کردیا گیا ہے۔دھند کے باعث متعدد پروازوں کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق شیڈول تبدیل کی گئی فلائٹوں کے مسافروں کو پیشگی اطلاع دی جا رہی ہے اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھر سے نکلنے سے پہلے انکوائری سے رجوع کریں۔