ISLAMABAD: DECEMBER 19, 2021: SAUDI FOREIGN MINISTER PRINCE FAISAL BIN FARHAN AL-SAUD MET FOREIGN MINISTER MAKHDOOM SHAH MAHMOOD QURESHI AT PARLIAMENT HOUSE, ON THE SIDELINES OF THE 17TH EXTRAORDINARY SESSION OF OIC - CFM ON AFGHANISTAN.

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سعودی ہم منصب کی ملاقات

 دو طرفہ تعلقات،افغانستان سمیت خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں،شاہ محمود

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے سعودی عرب کے ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعو نے ملاقات کی ،دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،افغانستان سمیت خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر خارجہ شاہ محمود نے مشکل وقت میں پاکستان کی معاونت پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے اور انہیں سیاسی تعلقات سے ہم آہنگ بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی مسلم امہ کیلئے پاکستان کی سنجیدہ سوچ کی ترجمانی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان  او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز جانتے ہوئے اسلامو فوبیا امن و سلامتی اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے، چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کا موقع میسر آ رہا ہے، افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کیلئے مضر ہو سکتے ہیں، ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں، ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے، پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔