وفاقی وزیر علی زیدی کوتحریک انصاف سندھ کا صدر مقرر کردیا گیا

ہم صوبے کی محرومیوں کا خاتمہ کرینگے اور صوبے کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کا سندھ سے صفایا کریں گے، علی زیدی

کراچی (  ویب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے وفاقی وزیر علی زیدی کو سندھ کا صدر مقرر کردیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین ووزیر اعظم عمران خان کے اعتماد اور عزت افزائی کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف کو سندھ میں مضبوط بنانے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے مشن اور وژن پر عمل کرتے ہوئے بہترین طرز پر تنظیم سازی کریں گے۔ سندھ کے وسائل کو لوٹ کر کھانے والوں کو کسی صورت چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی اپنے بہترین امیدواروں کے ساتھ میدان میں اترے گی ۔ سندھ کے عوام ایک عرصے سے مسائل میں زندگی گزار رہے ہیں، تحریک انصاف سندھ کے عوام کی صوبے پر مسلط کرپٹ مافیا سے جان چھڑوانے کے لئے مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے گی۔ سندھ کے مسائل کا حل مضبوط بلدیاتی نظام کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ سندھ میں با اختیار اور مضبوط بلدیاتی نظام لانے کے لئے پی ٹی آئی کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کی صدارت میرے لئے پارٹی کی جانب سے ایک مشکل ہدف ہے ۔ ہم سندھ کی محرومیوں کا خاتمہ کرینگے اور صوبے کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کا سندھ سے صفایا کریں گے۔