انتہائی مطلوب مجرم کا سابق ڈی جی ایف آئی اے اور دفترخارجہ سے رابطوں کا انکشاف
سابق ڈی جی بشیر میمن نے عمر فاروق کا نام انٹرپول کی انتہائی مطلوب مجرمان کی فہرست سے نکلوایا تھا، ایف آئی اے حکام
انرجی اور آئی پی پی کے معاہدوں میں فراڈ کرنے والے افراد کی پشت پناہی میں سابق ڈی جی ایف آئی اے اور فارن آفس کے دو افسران کو طلب کر لیا گیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ایف آئی اے کے مطابق سوئٹزرلینڈ اور ناروے کو انتہائی مطلوب مجرم عمرفاروق کا دفترخارجہ کے افسران اور سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ سوئٹزرلینڈ اور ناروے کو انتہائی مطلوب پاکستانی شہری کے دفترخارجہ اور سابق ڈی جی ایف آئی اے سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ انرجی اور آئی پی پی کے معاہدوں میں فراڈ کرنے والے افراد کی پشت پناہی میں سابق ڈی جی ایف آئی اے اور فارن آفس کے دو افسران کو طلب کر لیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے لاہور نے سابق ڈی جی اور فارن آفس کے دو افسران کو ثمن بھجوا دیئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 2019میں سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے عمر فاروق کا نام انٹرپول کی انتہائی مطلوب مجرمان کی فہرست سے نکلوایا تھا، عمر فاروق نامی شخص نے سوئٹزلینڈ میں ایک بینک بنا کر مختلف ممالک کے افراد کو لوٹا تھا۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ عمر فاروق پر سوئٹزرلینڈ اور ناروے میں منی لانڈرنگ کے الزامات تھے، عمر فاروق کا نام جب انٹرپول کی ریڈ لسٹ سے نکلوایا گیا تو اس نے سابق ڈی جی ایف آئی اے کو شکریہ کا خط بھی لکھا تھا۔