ایف پی سی سی آئی انتخابات: بزنس مین پینل نے کلین سوئپ کرلیا

بی ایم پی نے 11سیٹیں حاصل کرلیں’ جبکہ یو بی جی صرف 2سیٹیں ہی لے سکی

اسلام آباد(ویب نیوز  )
وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت کے انتخابات کا مرحلہ مکمل ۔ بزنس مین پینل نے کلین سوئپ کرلیا ۔عرفان اقبال شیخ نے
صدارت کا تاج اپنے سر سجا لیا ۔محمد سلیمان چائولہ سینئر نائب صدر، سمیت ایسوسی ایشن اور چیمبرز کی تمام نشستوں پر بھاری ووٹ حاصل کرکے مخالف گروپ یو بی جی کو چاروں شانے چت کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے بزنس مین پینل (BMP) کی کارکردگی اور بزنس کمیونٹی کی خدمات و محبت کا ووٹ کے ذریعے بھرپور جواب دیتے ہوئے ایف پی سی سی آئی انتخابات میں بڑی کامیابی سے ہمکنار کرادیا ۔ بزنس مین پینل کے نامزد کردہ امیدواروں نے بھاری ووٹ حاصل کرتے ہوئے مخالف گروپ یو بی جی کو چاروں شانے چت کردیا ۔ انتخابی عمل گزشتہ روز فیڈریشن ہائوس کراچی میں ہوا جہاں پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی نے بڑھ چڑھ کر انتخابی عمل میں حصہ لیا ۔ دونوں گروپوں کی جانب اپنے اپنے پینل کی کامیابی کیلئے خوب جدوجہد ، انتخابی مہم چلائی گئی۔گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں بزنس مین پینل نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہیٹرک مکمل کرلی۔
انتخابی نتائج کے مطابق بزنس مین پینل کے نامزد کردہ امیدواروں عرفان اقبال شیخ صدر، محمد سلیمان چائولہ سینئر نائب صدر ، عمر مسعود الرحمن نائب صدر خیبرپختونخوا ، امین اللہ بیگ نائب صدر فیڈرل ایریا ، بلوچسان ، سمال چیمبر ، وومن چیمبر سمیت ایسوسی ایشن کی چاروں نشستوں پر بھی بی ایم پی کے امیدواروںانجینئر ایم اے جبار، محمد ندیم قریشی ، شبیر منشا چھرااور شوکت علی عمرسن، جمال الدین، حاجی محمد یعقوب اور رفعت ملک بھاری اکثریت سے نائب صدور منتخب ہوگئے ۔جبکہ یو بی جی پنجاب اور سندھ چیمبرز کی نائب صدارت کی صرف 2نشست پر کامیابی حاصل کر سکی۔ سندھ چیمبر اور سمال چیمبر کے امیدواران پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے تھے ۔پنجاب چیمبر سے قاضی محمد اکبر کامیاب ہوئے ۔اسی طرح وومن چیمبر کی نشست کا معاملہ عدالت میں ہونے کی وجہ سے نتائج روک دئیے گئے۔ بی ایم پی امیدواروں کی کامیابی کا اعلان سنتے ہی جشن کا سماں بندھ گیا۔ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے کامیاب امیدواران کو مبارکبادیں پیش کی گئیں ۔ اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئی ۔اس موقع پر موجود ووٹرز اور سپورٹرز نے نومنتخب عہدیداران اور بی ایم پی قائدین، چیئرمین بی ایم پی میاں انجم نثار، جنرل سیکرٹری سینیٹر حاجی غلام علی ، صدر ایف پی سی سی آئی میاں ناصرحیات مگو، سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی و چیئرمین بی ایم پی پنجاب خواجہ شاہ زیب اکرم ، چیئرمین لیگل سیل مرزا عبدالرحمن ، چیئرمین فیڈرل ایریا قربان علی کی بزنس کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا اور پھولوں کا ہار پہناتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ تاریخی کامیابی کے بعد میاں انجم نثار ، سینیٹر حاجی غلام علی اور عرفان اقبال شیخ ، محمد سلیمان چائولہ ، مرزا عبدلرحمن نے ووٹرز، ٹریڈ باڈیز عہدیداران سمیت پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف بزنس مین پینل کی نہیں بلکہ پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے تاجر کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کا جو سلسلہ ہم نے شروع کیا تھا وہ ہمیشہ جاری و ساری رہے گا۔ یو بی جی کے عہدیداران و ممبران بھی ہمارے بھائی ہیں اب ہمیں ملکر بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمہ ، ان کی فلاح و بہبود، پاکستان کی معاشی و تجارتی ترقی ، صنعتوں کے فروغ کیلئے ملکر اقدامات اٹھانے ہیں ۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی تاجر ، صنعتکار کو کسی بھی وقت کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو وہ ہم سے رابطہ کرے ہم ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔