اسلام آباد (ویب ڈیسک)
حکومتی اقدامات مہنگائی کو کنٹرول نہ کرسکے ،ملک میں مہنگائی تھم نہ سکی اور17 ہزار روپے ماہانہ کمانے والے افراد کے لیے 21.92 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں اضافہ ہوا ۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے برائلر مرغی 4 روپے 25 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ،انڈے 2 روپے 69 پیسے فی درجن ،دال مسور 2 روپے 27 پیسے فی کلو ،اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 8 روپے 77 پیسے مہنگا ہوا ۔اعدادوشمار کے مطابق اڑھائی کلو گھی کے ڈبے کی قیمت 1014 روپے 15 پیسے ہوگئی ہے ، دال چنا 1 روپے 29 پیسے فی کلو ،لہسن ایک روپے 82 پیسے فی کلو ،چینی 59 پیسے فی کلو مہنگی ،مٹن 4 روپے 53 پیسے فی کلواور بیف کی قیمت میں98 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ۔حالیہ ہفتے 7اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ،ٹماٹر 24 روپے 68 پیسے فی کلو ،آلو 3 روپے 57 پیسے فی کلو سستے ہوئے ،سرخ مرچ کے 200 گرام پیکٹ کی قیمت میں 20 روپے 51 پیسے کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران پیاز 88 پیسے فی کلو سستے ہوئے جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 39 روپے 15پیسے سستا ہوا۔آٹے کا بیس کلو کاتھیلا 4 روپے 95پیسے سستا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں استحکام رہا۔