سوات (ویب ڈیسک)

سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اورسیاحتی پہاڑی مقامات پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ، بارش اور برفباری سے پور ے ضلع سوات میں ایک بار پھر سخت سردی کی لہر قائم ہوگئی، گزشتہ روز دن بھر ضلع کے طول وعرض میں کالے بادل چھائے رہے اور شام کے وقت بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، سیاحتی مقامات مالم جبہ، میاندم ، مدین ، بحرین اور کالام کے علاقوںمیں برفباری بھی جاری ہے ، بارش وبرفباری کی وجہ سے پوری وادی سوات کا حسن نکھر گیا ہے جسے دیکھنے کیلئے ملک کے دیگر علاقوں سے سیاحوں کی ایک بہت بڑی تعداد سیاحتی مقامات پر پہنچ گئی ہے جو گرتے روئی کی مانند برفباری کے حسین مناظر سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش وبرفباری کا موجودہ سلسلہ اگلے ہفتے کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے تاہم سردی کی شدت کے پیش نظر صحت کے ماہرین نے بھی کچھ ہدایات جاری کردی ہیں جس کے مطابق لوگوں باالخصوص سیاحوںکو سردی کی بیماریوں سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے ، سیاحتی مقامات سے ملنے والی خبروں کے مطابق ان مقامات کے ہوٹلوں میں قیام کے لئے کمرے ملنا دشوار ہوگیا ہے لہذا سوات آنے والے سیاح پہلے اپنی قیام کیلئے کمروں کی بکنگ کا انتظام پہلے سے رکھیں تاکہ بعد میں ان کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔