صحافیوں پر کسی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا،سی پی این ای
مبینہ آڈیو لیک میں سیاستدانوں کی صحافیوں کیخلاف گفتگو نے میڈیا کنٹرول کرنے کی پوشیدہ آمرانہ سوچ کا پردہ چاک کر دیا
غیر قانونی طور پر آڈیو ریکارڈ کرنے اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے سازشی کرداروں کا محاسبہ کیا جائے،رہنما سی پی این ای
کراچی (ویب ڈیسک)
کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز اور سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کی صحافیوں کے خلاف انتہائی غیر اخلاقی اور غیر مہذب گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی مبینہ آڈیو لیک کو صحافیوں کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔ سی پی این ای کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سینئر صحافی اور اینکرز سمیت دیگر میڈیا سے وابستہ افراد تجزیہ اور اظہار رائے کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ میڈیا اور صحافیوں پر کسی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مبینہ آڈیو لیک میں سیاستدانوں کی صحافیوں کے خلاف غیر اخلاقی گفتگو نے میڈیا کنٹرول کرنے کی پوشیدہ آمرانہ سوچ کا پردہ چاک کر دیا ۔ مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت، رہنماؤں اور سیاستدانوں کا سینئر صحافیوں اور میڈیا کے خلاف عدم برداشت اور متعصبانہ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار کو دباؤ میں لانے کے لئے کس حد تک جا سکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء پرویز رشید کو ان سینئر صحافیوں، اینکرز سمیت ملک بھر کے میڈیا سے معذرت کرنی چاہئے۔ سی پی این ای کے رہنماؤں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ آڈیو لیک کی فرانزک تحقیقات کرائی جائے اور غیر قانونی طور پر آڈیو ریکارڈ کرنے اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے سازشی کرداروں کا محاسبہ کیا جائے۔