خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں بارش اور برفباری سے تباہی، حادثات، 20 افراد جاں بحق

پشاور/ لاہور/ کوئٹہ( ویب  نیوز)ملک بھر میں بارش اور برفباری نے تباہی مچا دی ہے، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 20 افراد جان کی بازی ہارگئے، متعدد زخمی ہیں۔ملکہ کوہسار مری میں 22 افراد برف کی قبروں میں جاسو گئے ِ تو دوسری جانب ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارش اور برفباری نے تباہی مچادی۔ خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں بیس افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔سوات چارباغ کے علاقہ میں کمرے میں گیس بھرگئی، دم گھٹنے سے تین بچے جاں بحق، ماں بیہوش ہوگئی۔خیبر کی تحصیل باڑہ میں مکان کی چھت گر نے سے بچہ دم توڑگیا، خاتون سمیت 2افراد زخمی ہوئے۔اٹک کے گائوں ملال میں بارش کے باعث بوسیدہ چھت گھر کے مکینوں پر آگری، ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔قصور اور گردونواح میں بارش کے باعث چھتیں گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق اوردس زخمی ہوئے۔ کئی مویشی بھی ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے۔صادق آباد میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 6 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لے کر کمشنر بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے