پاکستان کے امن کا دشمن و انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد خراسانی افغان صوبے میں مارا گیا

اسلام آباد( ویب نیوز)

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کا ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد خراسانی افغان صوبے ننگر ہار میں مارا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے امن کا دشمن اور ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد خراسانی افغانستان میں ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہوگیا، اطلاعات ہیں کہ اسے افغان صوبے ننگرہار میں مارا گیا۔دہشتگرد محمد خراسانی تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان تھا جس کا اصل نام خالد بلتی تھا۔ہلاک ہونے والا  خراسانی میرانشاہ میں دہشت گردی کا مرکز چلا رہا تھا اور  آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے بعد افغانستان بھاگ گیا تھا جبکہ وہ شاہد اللہ شاہد کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان بنا۔دہشت گردمحمد خراسانی پاکستان کے معصوم عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملوں اور کارروائیوں میں ملوث تھا، کالعدم ٹی ٹی پی کے مختلف دھڑوں کومتحد کرنے میں مصروف تھا اور وہ کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ مفتی نور ولی محسود کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔محمد خراسانی نے حال ہی میں پاکستان کے اندر مختلف کارروائیوں کا بھی اشارہ دیا تھا۔گزشتہ ہفتے ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے، موجودہ افغان حکومت کی درخواست پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی)سے مذاکرات کا آغاز کیا گیا لیکن کچھ چیزیں ناقابل قبول تھیں، تنظیم غیر ریاستی عنصر ہے جو پاکستان میں کوئی بڑا حملہ نہیں کر سکی۔ کالعدم ٹی ٹی پی میں اندورنی اختلافات بھی ہیں جبکہ افغان حکومت کو کہا ہے کہ اپنی سرزمین کو ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔