کراچی میں مثبت کیسز ایک بار پھر بلند ترین سطح 35.3 کی شرح پر پہنچ گئے

سندھ میں اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ، عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار

شادی ہال، مارکیٹس، عوامی مقامات پر لازمی ماسک پہننا ہوگا، مارکیٹس میں ویکسی نیٹڈ افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی

کراچی (ویب  نیوز)

کورونا ٹاسک فورس نے سندھ میں اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔وزیراعلی مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو سرکاری افسر ماسک نہیں پہنے گا اسے جرمانہ کیا جائے گا، شادی ہال، مارکیٹس، عوامی مقامات پر لازمی ماسک پہننا ہوگا، مارکیٹس میں ویکسی نیٹڈ افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں شادی کی تقریبات میں کھانا باکس میں دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اسپتال، سرکاری ونجی اسپتالوں کا سروے کیا جائے گا اوراسپتالوں کی گنجائش کا جائزہ لیا جائے گا۔سندھ ٹاسک فورس نے زور دیا کہ اسپتالوں میں گنجائش اور ضروریات کے حوالے سے سخت نگرانی کی جائے گی۔صوبے میں ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام تعاون کریں تو کورونا کی موجودہ لہر بھی کنٹرول ہو جائے گی۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی میں مثبت کیسز ایک بار پھر بلند ترین سطح پینتیس اعشاریہ تین صفر کی شرح پر پہنچ چکے ہیں۔محکمہ صحت کیمطابق کراچی میں گزشتہ24گھنٹوں میں2846کیسز رپورٹ ہوئے اورکرونا کے24میں سے23کیسزمیں اومی کرون کی تصدیق ہوئی۔کراچی میں اومی کرون کیاب تک 430 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق ضلع شرقی میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ وسطی اور غربی میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔این سی او سی نے بتایا ہے کہ ملک میں کرونا سے مزید 4 مریض انتقال کرگئے اور مجموعی اموات کی تعداد29 ہزار3ہوگئی ہے۔این سی اوسی نے مزید بتایا کہ 24گھنٹے میں کرونا کے مزید4 ہزار286 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس دوران کرونا کے52 ہزار522 ٹیسٹ کیے گئے اورمثبت کیسز کی شرح 8.16 فیصد ریکارڈ کی گئی۔