کورونا کیسز کی بڑھتی شرح ‘این سی او سی کاپابندیوں کے نفاذ کا آغاز

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دو تعلیمی اداروں میں عالمی وبا کورونا کیسز رپوٹ ہو نے پر بند کر دیئے گئے

تمام صوبوں کو کوروناوائرس کے حوالہ سے ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات

17جنوری سے اندرون ملک پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی فراہمی پر مکمل پابندی ہوگی، این سی او سی

اسلام آباد(ویب  نیوز) این سی او سی نے ملک میں کورونا کی تیزی سے بڑھتی شرح کے بعد  تمام صوبوں کو کوروناوائرس کے حوالہ سے ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات کرتے ہوئے پابندیوں کا نفاذ شروع کردیا،17جنوری سے اندرون ملک پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی فراہمی پر مکمل پابندی ہوگی۔ہفتہ کے روزنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں بڑھتے کورونا کیسز پر غور اور ایس او پیز کی صورتحال پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کے بڑھتے کیسز سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کورونا کی صورتحال پر 17جنوری کو صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں کورونا ایس او پیز کی تجاویز پر غور ہوگا جب کہ وزرائے صحت کے اجلاس میں سماجی اور شادی کی تقاریب، ان ڈور، آٹ ڈور ڈائننگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایس او پیز کی تجاویز پر غور ہوگا۔این سی او سی کے مطابق 17جنوری سے اندرون ملک پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی فراہمی پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ وفاق کی تمام اکائیاں کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کریں۔ این سی اوسی کی جانب سے تمام صوبوں کو کوروناوائرس کے حوالہ سے ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور وائرس سے اموات 29ہزار تک جا پہنچی ہیں جب کہ کراچی میں یہ شرح سب سے بلند 35فیصد ہے جہاں سندھ حکومت نے صوبے میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دو تعلیمی اداروں میں عالمی وبا کورونا کیسز رپوٹ ہو نے پر بند کر دیئے گئے۔ اس ضمن میں بتایا ہے کہ ڈی ایچ او اسلام آباد نے کورونا کیسز رپورٹ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر دونوں تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔اس سلسلے میں جاری کردہ مراسلے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز جی 6 ون فور میں کورونا کے تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف 6 ٹو میں بھی کورونا کے تین کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ڈی ایچ او اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ دونوں تعلیمی اداروں کو مکمل طور پر بند کرکے ڈس انفیکٹ کیا جائے۔