عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی،شہباز شریف
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر غور کرنا ہوگا کہ ایک نالائق اور کرپٹ شخص ملک کیلئے کتنا خطرناک ثابت ہوتا ہے
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ جھٹلانے کے بجائے گریبا ن میں جھانکنا اور خود احتسابی درکار ہے،صدر (ن) لیگ کا بیان
لاہور (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی۔انہوں نے بیان میں کہا کہ عمران نیازی نے کرپشن میں 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ثبوت ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر غور کرنا ہوگا کہ ایک نااہل، نالائق اور کرپٹ شخص ملک و قوم کے لئے کتنا خطرناک ثابت ہوتا ہے، غیرملکی ادارے کی یہ رپورٹ نظام بیٹھ جانے کا اعلان ہے اور ثبوت ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی۔انہوں نے کہاکہ رپورٹ ہمیں قومی سطح پر اصلاح احوال کی دعوت فکر دے رہی ہے، اسے چھپانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، رپورٹ جھٹلانے کے بجائے گریبا ن میں جھانکنا اور خود احتسابی درکار ہے، ہمیں ان عوامل، محرکات اور مضمرات پر غور کرنا چاہئے جس سے یہ رپورٹ مرتب ہوئی ہے، مجموعی طور پر پاکستان کرپشن انڈیکس میں 23 پوائنٹس گرا ہے جس سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو شدید نقصان پہنچے گا۔ا نہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے کرپشن میں 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، کرپشن میں انہیں پیچھے چھوڑ گئے جن کے خلاف سیاست میں آنے کا دعویٰ کیا تھا، وہ پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے خطرناک نہیں بلکہ مہلک ترین ثابت ہوئے، وہ اس سے زیادہ اور کیا خطرناک ہوں گے کہ 16 درجے کرپشن بڑھ گئی، معیشت تباہ، مہنگائی اور بے روزگاری آسمان پر پہنچ چکی ہے، عمران نیازی کو اب بھی ملک یا اس کے نام کی نہیں، اپنے جھوٹے امیج کوبچانے کی فکر پڑی ہوئی ہے، ان کی سوچ پر افسوس ہے۔