پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے پری کوالیفائیڈ انویسٹرز کیلئے ورچوئل ڈیٹا روم جلد اوپن ہوگا، نجکاری کمیشن

کے الیکٹرک، پاک ری انشورنس، ایچ بی ایف سی معاملات اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ حل کرنے کی ہدایات کی گئی

 ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس، نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی اور دیگر اداروں کی نجکاری میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی

اسلام آباد(ویب  نیوز)نجاری کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے پری کوالیفائیڈ انویسٹرز کے لیے ورچوئل ڈیٹا روم جلد اوپن کیا جائیگا۔وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرِ صدارت نجکاری کمیشن کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس، نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی اور دیگر اداروں کی نجکاری میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کے الیکٹرک، پاک ری انشورنس، ایچ بی ایف سی معاملات اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ حل کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ معاملات کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں کے ساتھ آئندہ ہفتے میٹنگ متوقع ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہائوس بلڈنگ فنانس کی نجکاری میں قومی و بین الاقوامی سرمایہ کار دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے پری کوالیفائیڈ انویسٹرز کے لیے ورچوئل ڈیٹا روم جلد اوپن کیا جائیگا۔اسی طرح نندی پور، گڈو پاور پلانٹس پر کابینہ کمیٹی برائے توانائی پی ایس او کی تجویز پر فیصلہ کرے گی۔