متحدہ عرب امارت کے بروقت جوابی دفاعی ردعمل نے قیمتی جانوں کو بچالیا،عمران خان
دونوں رہنمائوں کا دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال، اعلی سطح پر روابط جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اماراتی ولی عہد محمد بن زید النہیان کو سیکیورٹی و سلامتی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس دوران وزیراعظم نے حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل حملے کی مذمت کی۔وزیراعظم عمران خان نے حالیہ حملے کو خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارت کے بروقت جوابی دفاعی ردعمل نے قیمتی جانوں کو بچالیا۔وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کی قیادت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے علاقائی سیکیورٹی و سلامتی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور مذاکرات کے ذریعے امن کی کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال اور اعلی سطح پر روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔