چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا عہدہ چھوڑنے سے انکار،انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا
کراچی (ویب ڈیسک)
عدالت عالیہ اور حکومتی احکامات کے باوجود چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ پرویز بلوچ نے عہدہ چھوڑنے سے انکار کردیا ہے جس سے بورڈ میں انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا اور آئندہ تعلیمی سال کتابوں کی عدم دستیابی کا خدشہ پیدا ہوگیاہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت کو بورڈ میں قواعد کے مطابق نیا چیئرمین لگانے کا حکم دیا تھا۔ذرائع کے مطابق عدالتی حکم کے تحت سندھ حکومت نے قواعد و ضوابط کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے جلد اخبارات میں اشتہار بھی جاری کیا جائیگا۔ دوسری جانب عدالتی فیصلے کے باوجود سابق چیئرمین پرویز بلوچ نے بورڈ کے عہدیکا چارج چھوڑنے سے انکار کردیا ہے جس پر حکومت سندھ نے پرویز بلوچ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ادھر افسران نے بھی چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ پرویز بلوچ کے احکامات ماننے سے انکار کردیا ہے اور بورڈ میں انتظامی بحران سے آئندہ تعلیمی سال کتابوں کی عدم دستیابی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔