اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کشمیریوں کیساتھ ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان پورے عزم و اتحاد کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ کھڑاہے۔ مودی کی جبر و تشدد پر مبنی فسطائی پالیسیاں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اہلِ کشمیر کی مزاحمت کی روح کچلنے میں ناکام رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیرِ تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، جن میں نسل کشی سمیت انسانیت کیخلاف جرائم اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی سمیت جنگی جرائم شامل ہیں اور جو جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہیں، کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ایک غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمے ہے۔ اقوامِ عالم پر لازم ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالتِ زار اور ہندوستانی ریاست کے ظالمانہ عسکری قبضے سے آزادی و نجات کی انکی ناقابلِ اعتراض و انکار خواہش کو نظرانداز نہ کریں۔