سرائے نورنگ میں چیئرمین کی نشست کے لئے پانچ پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم

اسلام آباد (ویب  نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقراررکھتے ہوئے صوبہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں چیئرمین کی نشست کے لئے پانچ پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں چیئرمین کی نشست پر دوبارہ پولنگ کروانے سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل مسترد کر دی ۔عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کیسز کی سماعت کے رولز نہ بنانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو نیم عدالتی اختیارات ملے ہوئے کئی دہائیاں گزر چکی،کئی سال بعد بھی رولز نہ بننا الیکشن کمیشن کی واضح ناکامی ہے، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق اپنے رولز کو جلد از جلد بنا کر شائع کرے، الیکشن کمیشن کے پاس پولنگ اور نتائج میں مداخلت کے وسیع اختیارات ہیں، اختیارات کا استعمال کرتے وقت الیکشن کمیشن کے پاس ٹھوس مواد ہونا چاہیے۔منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میںلکی مرو ت کی تحصیل سرائے نورنگ میں چیئرمین کی نشست پر الیکشن کمیشن کے دوبارہ پولنگ(ری پولنگ) کے حکم کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی ۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالتی حکم پر ری پول کے حکم کی رپورٹ پیش کی گئی ۔دوران سماعت جماعت اسلامی کے امیدوار درخواست گزار عزیز اللہ کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ مذکورہ حلقہ میں 30.6 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے، جیتنے والے امیدوار عزیز اللہ کے 16 ہزار 696 ووٹ جبکہ جمعیت علما اسلام (جے یو آئی)کے امیدوار کے 16 ہزار 145 ووٹ ہیں،حلقہ میں ری پول کے دوران تمام جماعتیں میرے موکل کے خلاف اکٹھی ہو جائیں گی، پولنگ کے دن حلقے میں جو قتل ہوا وہ پولنگ اسٹیشنز سے دور تھا، الیکشن کمیشن نے حلقہ میں ری پولنگ کا فیصلہ دیا ، الیکشن کمیشن کے ایسے اقدام سے تو تمام حلقوں میں ری پول ہونا چاہئے۔ اس موقع پر جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 9 کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے اپنی حدود سے تجاوز کر رہا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے اس دوران ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن کے پاس خصوصی اختیار ہے کہ وہ کچھ حلقے یا پولنگ اسٹیشنز کھولنے کا حکم دے سکتا ہے، الیکشن کمیشن کے پاس وسیع تر اختیار ہیں کہ 60 دن میں ری پول کا کہے، کوئی سخت بات نہیں کرنا چاہتے جس سے الیکشن کمیشن کی حدود متاثر ہوں۔ عدالت عظمیٰ نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میںلکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں چیئرمین کی نشست پر پانچ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ(ری پولنگ )کرانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں چیئرمین کی نشست پر دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل مسترد کر دی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 31 دسمبر 2021 کولکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں چیئرمین کی نشست پر ری پولنگ کا حکم دیا تھا۔ درخواستگزار عزیز اللہ نے الیکشن کمیشن کے ری پولنگ کے حکم کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔