کشمیر ہندوستان کو ہرا نہیں سکتا، لیکن یہ ہندوستان کو کھا جائے گا ۔ ارندھتی رائے
ہندو قوم پرستی یوگوسلاویہ اور روس کی طرح ہندوستان کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ سکتی ہے،
نئی دہلی( ویب نیوز)
بھارتی مصنفہ اور نقاد ارندھتی رائے نے کہا ہے کہ کشمیر ہندوستان کو ہرا نہیں سکتا، لیکن یہ ہندوستان کو کھا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ہندو قوم پرستی یوگوسلاویہ اور روس کی طرح ہندوستان کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ سکتی ہے، بھارت کی موجودہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے تاہم مجھے امید ہے کہ بالآخر ہندوستانی عوام نریندر مودی اور بی جے پی کے فاشزم کے خلاف مزاحمت کریں گے۔دی وائر سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام جس گڑھے میں گرے ہوئے ہیں اس سے باہر نکل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں ہندوستانی عوام پر بھروسہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ بھارت اس وقت اپنے اندر کی تاریک سرنگ سے نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں، ہندوستان نے خود کو ایک لنچنگ ملک کے طور پر شناخت پائی ہے ۔ دن دیہاڑے سڑکوں اور چوراہوں میں ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں اور دلتوں کو سرعام کوڑے مارے، تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اس عمل کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کر دی۔فاشزم کا بنیادی ڈھانچہ ہمیں گھور رہا ہے اور پھر بھی ہم اسے اس کے نام سے پکارنے میں ہچکچاتے ہیں۔بھارتی مصنفہ اور نقاد ارندھتی رائے نے سوال کیا کہ کشمیری ہندوستان کا حصہ کیوں بننا چاہیں گے؟ آزادی وہی ہے جو وہ چاہتے ہیں، آزادی وہی ہے جو انہیں حاصل ہونی چاہیے۔رائے نے کہا کہ کشمیر ہندوستان کو ہرا نہیں سکتا، لیکن یہ ہندوستان کو کھا جائے گا۔