آئی سی سی آئی کی کمیٹی برائے ایم سی آئی کی ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی سے ملاقات
ٹریڈ لائسنس کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرایا جائے گا۔ حمزہ شفقات
تمام ٹیکس موجودہ مالی سال سے وصول کئے جائیں۔ اعجاز عباسی
مارکیٹ نمائندوں کی مشاورت سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ اجمل بلوچ
اسلام آباد (ویب نیوز )
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کمیٹی برائے ایم سی آئی کے کنوینر محمد اعجاز عباسی کی قیادت میں ایک وفد نے ایم سی آئی کے ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد حمزہ شفقات سے ایک طویل ملاقات کی جس میں اسلام آباد کے تاجروں کو درپیش مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور فیصلے کئے گئے۔ آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہر محمود، ایف ٹین کے چیئرمین طاہر عباسی، صدر احمد خان اور سیکرٹری جنرل ملک نعیم، جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز اور سیکرٹری جنرل عبدالرحمٰن صدیقی، ہول سیل فروٹ مارکیٹ کے سیکرٹری جنرل طاہر ایوب، چیمبر کے سابق نائب صدر اشفاق چھٹہ، ایگزیکٹو ممبر چوہدری محمد علی، بلیو ایریا کے صدر راجہ حسن اختر، سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد شبیر عباسی، آئی ایٹ مرکز سے یاسر عباسی، معروف صنعتکار چوہدری مختار اور عمیس خٹک، چیمبر کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے کنوینر راجہ مجید اور چیمبر کی پولیس کمیٹی کے کنوینر سیف الرحمٰن خان وفد میں شامل تھے۔
وفد سے مذاکرات کے بعد ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی حمزہ شفقات نے ایک پانچ رکنی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا جو ٹریڈ لائسنس اور بورڈ ٹیکس کے بارے میں فیصلے کرے گی اور وزیراعظم کو ٹریڈ لائسنس کے خاتمے کیلئے تجاویز دے گی۔ انہوں نے سی ڈی اے مجسٹریٹ کے بارے میں کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ اس کا ایم سی آئی کیلئے کوئی نوٹیفیکیشن نہ ہے لہذا نوٹیفیکیشن تک وہ سماعت روکیں اور قانون میں سرسری سماعت کے دیئے گئے جرمانے سے تجاوز نہ کریں۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ فی الحال موجودہ سال کے ٹیکس لئے جائیں جبکہ ڈی ایم اے کے علاوہ کوئی بھی ادارہ ٹیکس وصولی کا اختیار نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ بورڈ ٹیکس کی آئی سی ٹی کی حدود میں ایک ہی شرح ہے۔ انہوں نے پروفیشنل ٹیکس کی وصولی بھی موجودہ مالی سال سے کرنے کی ہدایت کی۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور ایم سی آئی کمیٹی کے کنونیر محمد اعجاز عباسی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیکس موجودہ مالی سال سے وصول کئے جائیں۔تجاوزات بے ہنگم ہو چکی ہیں، احساس ریٹرھی بان پروگرام کے بارے میں تاجر برادری کو تحفظات ہیں کہ ان کو مارکیٹوں میں لگانے کی بجائے ان کے لئے ایک الگ جگہ مختص کی جائے اور الاٹمنٹ صرف مقامی افراد کوکی جائے، سیکورٹی چیک ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کو نسلرز کی طرف سے ٹریڈ اور بورڈ ٹیکس کی وصولی غیر قانونی ہے جس کو رکوایا جائے جبکہ خود ساختہ ٹھیکداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
آل پاکستان انجمن تاجراں اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ احساس ریڑھی بان پروگرام پر عمل درآمد سے اسلام آباد میں سیکورٹی کو خطرہ ہے جبکہ ضیاء بانڈ ے نامی شخص کی مارکیٹوں میں مداخلت بند کرائی جائے اور مارکیٹوں سے تجاوزات کا خاتمہ یونین کے نمائندوں کی مشاورت سے کیا جائے۔وفد میں موجود تمام تاجر نمائندوں نے اپنی اپنی مارکیٹوں کے مسائل سے ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کو آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تجاویز دیں۔