انتخابی تاریخ کے اعلان کے باوجودپارٹی رہنماؤںکے،،  اغوا برائے بیان ،، کا  سلسلہ جاری ہے،کورکمیٹی پی ٹی آئی

قبل اس سے کہ غزہ انسانیت کے قبرستان میں بدل جائے، دہشت گرد  اسرائیل کو لگام ڈالی جائے ۔اعلامیہ ۔

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس تسلسل کے ساتھ  جاری ہیں جمعہ کو اجلاس کے  اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ  انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کیخلاف انتقامی حربوں میں تیزی آگئی ہے  اور سیاسی جماعتوں کیلئے انتخابات میں حصہ لینے کے ماحول اور مواقع (لیول پلیئنگ فیلڈ)میں شدید نوعیت کا بگاڑ پیدا ہوا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ دستور الیکشن کمیشن کو آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا پابند، نگران حکومتوں کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ذمہ داری سونپتا ہے، کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ  انتخابات کی تاریخ کے تعین کے بعد تحریک انصاف کیخلاف ریاستی انتقام میں شدت اور تیزی آئی ہے،انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے باوجودتحریک انصاف کے قائدین کے اغوا برائے بیان کا  سلسلہ جاری ہے، پارٹی کے  مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری علی نواز اعوان کی جبری گمشدگی لاقانونیت کی بدترین مثال ہے اور ہر لحاظ سے شرمناک ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت اپنا آئینی فرض نبھانے میں کلیتاً ناکام  ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ جمہوریت کی  بقا و تحفظ کا فریضہ سرانجام دیا جائے،ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنماؤں کی رہائشگاہوں پر غیرقانونی چھاپوں، ماورائے قانون گرفتاریوں، انہیں ہراساں کرنے یا جبری طور پر گمشدہ/لاپتہ کرنے کا  سلسلہ جاری ہے جسے  بلاتاخیر روکا جائے،علی نواز اعوان سمیت تمام اغوا کنندگان کو بازیاب اور زیرحراست افراد کو فی الفور رہا کیا جائے، پارٹی چیئرمین عمران خان کے خلاف مقدمات کی کھلی عدالت میں قومی و غیرملکی ذرائع ابلاغ کی موجودگی میں ٹرائل کیا جائے،جیل میں ٹرائل کا کوئی آئینی یا قانونی جواز نہیں،اسے شفافیت کے تقاضوں کے برعکس چلانے کی کسی کوشش کو قبول نہیں کریں گے، جیل میں کھلی جگہ پر مقدمہ چلانے کی بجائے سائفر ٹرائل کو معمول کی عدالت میں منتقل کیا جائے اور ملکی و غیرملکی میڈیا کی موجودگی میں شفاف انداز میں ٹرائل کا عمل مکمل کیا جائے،ظلم و جبر کا سامنا کرنے والی خواتین و کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ، نظامِ انصاف اسیرخواتین کے بنیادی دستوری حقوق کے تحفظ میں بری طرح ناکام رہا ہے،عام انتخابات کے دوران بھی ہماری خواتین غیرمعمولی کردار ادا کریں گی اورآئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے اِک نئے دور کا خیر مقدم کریں گی، انصاف سے محروم کرنے والوں کا کڑا محاسبہ عدالتِ عظمی کی ذمہ داری ہے۔ کورکمیٹی تحریک انصافنے  مظلوم اہلِ فلسطین کیخلاف اسرائیلی وحشت و بربریت کی جاری مہم کی مذمت کرتے ہوئے  بیگناہ انسانوں کی قتل و غارت گری کا سلسلہ بند کروانے کیلئے عالمی برادری کے ناگزیر کردار کے حوالے سے دوٹوک پالیسی کا بھی اعادہ  کیا ہے اور قراردیا ہے کہ غزہ میں عالمی قانون اور انسانی اقدار کے قتلِ عام کا جاری سلسلہ اہلِ عالم کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اہلِ فلسطین کی بے رحم نسل کشی تہذیبِ انسانی کی موت کی علامت ہے،  قبل اس سے کہ غزہ انسانیت کے قبرستان میں بدل جائے، اہلِ عالم خصوصا اقوامِ متحدہ عالمی دہشت گرد ریاست اسرائیل کو لگام ڈالنے کیلئے اقدام کرے۔