مہنگائی، بے روزگاری، سودی معیشت اور کرپشن کے خلاف ہر شہر میں دھرنا دیا جائے گا
گوجرانوالہ میں جمعہ کو ہونے والے تیسرے دھرنے میں بھی ہزاروں لوگ شرکت کریں گے
جامعہ علوم الاسلامیہ میں تقریب تکمیل بخاری و دستار بندی کے موقع پر خطا ب
لاہور (ویب ڈیسک)
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ لانگ ہو یا شارٹ، عوام کے لیے اسلام آباد مارچ صرف جماعت اسلامی کرے گی۔ حکمران اشرافیہ کے ظلم سے قوم کو نجات دلا کر اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ پونے چار برس قبل ملک پر تبدیلی کے نام پر تباہی مسلط کی گئی۔ نااہل حکمرانوں نے ہر شعبہ تباہ کر دیا۔ پاکستان پر آئی ایم ایف کی مکمل اجارہ داری قائم ہو چکی۔ ملک میں روشنی اور ہوا کے علاوہ ہر چیز پر ٹیکس ہے۔ پاکستان مہنگائی کے حساب سے دنیا کے ٹاپ ٹن ممالک میں ہے۔ قرضوں کا پہاڑ، تباہ حال معیشت، کمزور ادارے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی مشترکہ دین ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن بڑھی اور بے روزگاری کا طوفان آیا۔ موجودہ حکومت نے بیڈ گورننس کی تاریخ رقم کر دی۔ پی ٹی آئی حکومت غیرسنجیدہ اور نااہل ہے۔ سابقہ حکومتوں نے بھی قوم کو دھوکے دیے اور ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔ حکمران اشرافیہ 73برسوں سے مزے لوٹ رہی ہے،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ظلم اور ناانصافی کا دور مزید نہیں چلے گا۔ جماعت اسلامی ناانصافی اور ظلم کے خلاف عوام کو متحد کر رہی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، سودی معیشت اور کرپشن کے خلاف ہر شہر میں دھرنا دیا جائے گا۔ گوجرانوالہ میں جمعہ کو ہونے والے تیسرے دھرنے میں بھی ہزاروں لوگ شرکت کریں گے۔ اشیائے خوردونوش، پٹرول، ڈیزل، ادویات کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کی جائے۔ حکومت بجلی اور گیس کا ٹیرف بھی 50فیصد کم کرے۔ عوام کو ریلیف دلانے کے لیے اسلام آباد کی طرف مارچ اور 101واں دھرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوںنے جامعہ علوم الاسلامیہ میں تقریب تکمیل بخاری و دستار بندی کے موقع پر خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر ابراہیم، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ مولانا شمشیر بھی موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ حکمران میڈیا اور صحافیوں کے خلاف اقدامات بند کریں۔ صحافیوں پر قدغنوں اور پکڑ دھکڑ کی مذمت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی صحافیوں کی میڈیاکی آزادی کے لیے جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمہوری اقدار کی بالادستی کے لیے مضبوط اور آزاد میڈیا کا ہونا بے حد ضروری ہے۔ پاکستان میں ہرطبقہ فکر کے لیے مشکلات پیدا کر دی گئی ہیں۔ مہنگائی لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دی ہیں۔ سرکاری ملازمین، اساتذہ، مزدور، کسان سبھی پریشان ہیں۔ میڈیا پر پابندی کا مقصد حکومت پر تنقید کو بند کرنا ہے۔ جاگیردار اور وڈیرے ملک میں اپنی من مانی چاہتے ہیں، انھیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔ پی ٹی آئی کے دور میں ادارے مزید تباہی کا شکار ہوئے۔ جمہوریت اور پارلیمنٹ کمزور، معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔ موجودہ حکومت نے مدینہ ریاست کے نام پر قوم کو دھوکا دیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔ دین آئے گا تو خوشحالی آئے گی۔ لوگوں کو عدالتوں سے فوری انصاف ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر سودی نظام کا خاتمہ کرے گی۔ ملک کی عدالتوں، تعلیمی اداروں، پارلیمنٹ میں قرآن کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی اقدار کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انسانیت کی بقا اسلام کے فطری نظام میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت بجٹ میں مدارس کے لیے بھی فنڈز مختص کرے ۔ دینی مدارس کے خلاف سازشوں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ عقیدہ ختم نبوت پر پہرہ دیا جائے گا۔ ملک میں سیکولرازم اور مغربی ایجنڈا کے فروغ کی خواہشیں ناکام ہوں گی۔جماعت اسلامی دینی مدارس کی پشتیبان ہے۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ مدارس کے اساتذہ اور طلبہ ملک میں پرامن اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔مزیدبرآں امیر جماعت کی کال پر حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور، کراچی، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پٹرول کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کے خلاف احتجاج ہوا۔ مظاہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جمعہ کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافہ کے خلاف احتجاج ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ میں دھرنے سے خطاب کریں گے۔