وفاقی وزیر قانون نے فوجداری مقدمات سے متعلق اصلاحات کے لیے بل کا مسودہ اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کر دیا

اسلام آباد ( ویب  نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف فروغ نسیم نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں فوجداری قوانین میں اصلاحات، زیر التوا قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو فوجداری قوانین میں اصلاحات کا ترمیمی بل کا نوٹس پیش کیا۔ وزیر قانون نے اسپیکر کو اگاہ کیا کہ قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت اسمبلی میں بل پیش کرنے کے لیے مقرر وقت کے مطابق نوٹس پیش کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجوزہ بل 700 سے زائد ترامیم پر مشتمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے قوانین میں ایف آئی آر، تفتیش، چلان، الیکٹرانک شواہد سمیت خواتین کے حقوق کے تحفظ سے متعلق ترامیم شامل ہیں۔اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کو موثر قانون سازی اور اس کے نفاذ کے ذریعہ حل کیا جا سکتا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ فوجداری قوانین میں مجوزہ ترامیم جرائم کی روک تھام اور خاتمہ کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا بنیادی کام قانون سازی ہے جس سے عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ہدایت جاری کر دی ہیں کہ بل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اسپیکر نے کہا کہ یہ ترامیم عوامی مفاد سے وابسطہ ہے لہذا وہ اس سلسلے اپوزیشن سے بھی تعاون کے لیے بات کریں گے۔