سوات (ویب ڈیسک)
ریجنل الیکشن کمشنر محمد ندیم خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے امیدواراور سیاسی پارٹیا ں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے مینگورہ میں غیر سرکاری ادارے کے زیرانتظام بلدیاتی الیکشن کی ذمہ داریاں اور کردار کے حوالے سے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیمینار میں مختلف طبقہ فکر کے لوگوں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار ں نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع سوات میں بلدیاتی الیکشن کے لئے سات سو سے زائد پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں اور بلدیاتی انتخابات کی کاغذات نامزدگی اور حتمی فہرست جاری کرنے کے لئے 27مراکز بنائے گئے ہیں، انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں وہ تمام ووٹر اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے جو عام انتخابات میں اپنا حق استعمال کرچکے ہیں، ہر امیدوار پانچ یا چھ ووٹ پول کرے گا، الیکشن کمیشن کی کوشش ہے کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہو اور زیادہ سے زیادہ لوگ اپنی حق رائے دہی استعمال کرسکیں اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے عملے کو خصوصی تربیت دی گئی ہے لیکن انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی پارٹیاں اور امیدوار الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور ہدایات پر عمل کرکے الیکشن کو شفاف بنانے میں بھی مدد دیں،اس موقع پر ضلع سوات کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریاض علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ پرامن اور شفاف انتخابات کے لئے پر امید ہے اس سلسلے میں تمام تر ضروری کارروائیاں ہوچکی ہیں اور تمام اداروں کے ساتھ ضلع انتظامیہ مل کر کام کرہی ہے، سیمینار سے ماہر امور انتخابات شمس الہدیٰ اور محی الدین نے بھی خطاب کیا۔